2

انمول عرف پنکی کی مبینہ چیٹس اور منشیات نیٹ ورک کے نئے انکشافات سامنے آگئے

کراچی: انمول عرف پنکی کی مبینہ چیٹس اور منشیات نیٹ ورک کے نئے انکشافات سامنے آگئے

ملزمہ نے مبینہ طور پر 13 سال قبل منشیات کے کاروبار کا آغاز کیا اور مختلف علاقوں میں خفیہ طور پر سپلائی چین قائم رکھی۔

کراچی میں منشیات کے مبینہ بڑے نیٹ ورک سے متعلق کیس میں گرفتار ملزمہ انمول عرف پنکی سے متعلق نئی تفصیلات اور مبینہ چیٹس سامنے آنے کے بعد تحقیقات میں مزید شدت آگئی ہے جب کہ سوشل میڈیا پر وائرل مواد نے شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔

ذرائع کے مطابق ملزمہ انمول عرف پنکی سے منسلک مبینہ اسکرین شاٹس میں منشیات کی فروخت کے لیے کھلی پیشکشیں اور رعایتی ریٹس کا ذکر موجود ہے جب کہ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ وہ شہر بھر میں 24 گھنٹے منشیات کی سپلائی فراہم کرنے کا نیٹ ورک چلاتی تھی۔

ذرائع بتاتے ہیں کہ ان مبینہ چیٹس نے اداروں میں کھلبلی مچادی ہے اور تحقیقات کا دائرہ وسیع ہونے کا امکان ہے جب کہ ملزمہ طویل عرصے سے منشیات کے کاروبار سے منسلک رہی اور مبینہ طور پر پوش علاقوں، پارٹیوں اور تعلیمی اداروں کے طلبہ کو نشہ آور اشیاء فراہم کرتی تھی۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ نیٹ ورک میں متعدد افراد شامل تھے جب کہ کچھ کارندے تاحال مفرور ہیں۔ ابتدائی تفتیش کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ملزمہ نے مبینہ طور پر 13 سال قبل منشیات کے کاروبار کا آغاز کیا اور بعد ازاں اس نیٹ ورک کو مزید وسعت دی۔

ان پر یہ بھی الزام ہے کہ انہوں نے مختلف علاقوں میں خفیہ طور پر سپلائی چین قائم رکھی اور کم عمر افراد کو بھی نشے کی لت میں مبتلا کیا۔

ملزمہ کے خاندانی پس منظر اور روابط کے حوالے سے بھی معلومات سامنے آئی ہیں جن کے مطابق ان کے قریبی رشتہ دار بھی منشیات کے مقدمات میں ماضی میں زیرِ تفتیش رہے ہیں۔ مزید یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ ان کے نیٹ ورک میں مختلف شہروں تک رابطے موجود تھے۔

ملزمہ نے مبینہ طور پر شناخت چھپانے کے لیے غیر معمولی اقدامات کیے اور مختلف مقامات پر منتقل ہوتی رہیں۔ کیس میں مزید افراد کے نام بھی سامنے آنے کا امکان ہے جب کہ ادارے ڈیٹا اور رابطوں کی تفصیلی جانچ کررہے ہیں۔

پولیس کے مطابق کیس میں ملزمہ کے خلاف پہلے ہی متعدد مقدمات درج ہیں اور ان کے مبینہ نیٹ ورک سے متعلق مزید شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد پورے نیٹ ورک کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں