5

صحت کے شعبے میں بڑا بریک تھرو، برآمدات 150 ممالک تک پہنچنے کا امکان

صحت کے شعبے میں بڑا بریک تھرو، برآمدات 150 ممالک تک پہنچنے کا امکان

پاکستان جلد ہی عالمی معیار کے مطابق میچورٹی لیول تھری حاصل کرے گا، مصطفیٰ کمال

وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ حکومت صحت کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے تیزی سے اقدامات کر رہی ہے اور اس سلسلے میں ایک اہم پیش رفت حاصل کر لی گئی ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) پری کوالیفائیڈ لیب فعال ہو چکی ہے جو ملکی ادویات کی عالمی سطح پر قبولیت میں اہم کردار ادا کرے گی۔

وزیر صحت کا کہنا تھا کہ اس لیب کے قیام سے پاکستانی ادویات کی برآمدات کو نمایاں فروغ ملے گا اور ملک کی فارما انڈسٹری کو عالمی مارکیٹ میں نئی راہیں ملیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت پاکستان 51 ممالک کو ادویات برآمد کر رہا ہے تاہم میچورٹی لیول تھری حاصل ہونے کے بعد یہ تعداد بڑھ کر 150 ممالک تک جا سکتی ہے۔

مصطفیٰ کمال نے واضح کیا کہ حکومت کا کام خود کاروبار کرنا نہیں بلکہ نجی شعبے کو سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ ترقی کر سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈبلیو ایچ او کے تعاون سے صحت کے شعبے میں بہتری کے لیے اقدامات جاری ہیں اور یہ لیب پاکستان کے لیے ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ پاکستان جلد ہی عالمی معیار کے مطابق میچورٹی لیول تھری حاصل کرے گا جس سے نہ صرف ادویات کی برآمدات میں اضافہ ہوگا بلکہ ملک کا صحت کا نظام بھی مزید مضبوط ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں