معرکہ حق کا ایک سال مکمل، واہگہ بارڈر پر شاندار تقریب، مریم نواز کا پاک فوج کو خراج تحسین
پوری قوم فوجی قیادت اور سرحدوں پر وطن کا دفاع کرنے والے جوانوں کو سلام پیش کرتی ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب
معرکۂ حق میں کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر واہگہ بارڈر پر شاندار اور پُرجوش تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں وطن سے محبت اور قومی یکجہتی کا بھرپور مظاہرہ دیکھنے میں آیا۔ تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے خصوصی شرکت کی اور قوم، افواجِ پاکستان اور شہداء کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
اپنے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ معرکۂ حق میں تاریخی کامیابی پر پوری قوم مبارکباد کی مستحق ہے اور پاکستان کی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے 25 کروڑ عوام “بنیان مرصوص” کی طرح متحد ہیں اور ہر مشکل وقت میں اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے رہتے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے شہداء کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو اپنے بہادر شہداء پر فخر ہے، جن کی قربانیوں کی بدولت وطن محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا امن اور سلامتی ہماری ریڈ لائن ہے اور دشمن کو ہر محاذ پر بھرپور جواب دیا جائے گا۔
مریم نواز نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنا کر دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف کی خدمات کو بھی سراہا جنہوں نے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا۔
انہوں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر اور افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دشمن کو ایسا مؤثر جواب دیا گیا کہ وہ حیران رہ گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم فوجی قیادت اور سرحدوں پر وطن کا دفاع کرنے والے جوانوں کو سلام پیش کرتی ہے۔
تقریب میں شرکاء نے قومی نعروں، پرچموں اور ملی نغموں کے ذریعے افواجِ پاکستان سے بھرپور محبت اور یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔




