پی ایس ایل میں تاریخ رقم، پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو ریکارڈ 159 رنز سے روند ڈالا
کراچی کنگز کی بیٹنگ لائن مکمل طور پر ناکام رہی اور پوری ٹیم صرف 87 رنز پر ڈھیر ہو گئی
پاکستان سپر لیگ کے میچ میں پشاور زلمی نے دھواں دار کارکردگی دکھاتے ہوئے کراچی کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 159 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔
میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، تاہم یہ فیصلہ ان پر بھاری پڑا۔ پشاور زلمی کے بیٹرز نے آغاز سے ہی جارحانہ کھیل پیش کیا اور مخالف بولرز کو بے بس کر دیا۔
کپتان بابر اعظم اور کشال مینڈس نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے دوسری وکٹ پر 191 رنز کی ریکارڈ شراکت قائم کی، جو پی ایس ایل کی تاریخ کی سب سے بڑی پارٹنرشپ بن گئی۔
مینڈس نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 109 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ بابر اعظم 87 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ آخر میں عبدالصمد نے صرف 12 گیندوں پر 40 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر اسکور کو 247 تک پہنچا دیا۔
کراچی کنگز کی جانب سے عباس آفریدی نے دو وکٹیں حاصل کیں، مگر ٹیم کو بڑے اسکور سے نہ بچا سکے۔
ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی بیٹنگ لائن مکمل طور پر ناکام رہی اور پوری ٹیم صرف 87 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ اعظم خان 25 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
پشاور زلمی کی جانب سے نوید رانا، افتخار احمد اور سفیان مقیم نے تین، تین وکٹیں لے کر حریف ٹیم کو مکمل طور پر آؤٹ کلاس کر دیا۔




