کراچی پورٹ کے قریب بحری حادثہ، دو غیر ملکی جہاز آپس میں ٹکرا گئے
ابتدائی معلومات کے مطابق یہ واقعہ دونوں جہازوں کے ماسٹرز کی غفلت کے باعث پیش آیا
کراچی پورٹ کے قریب پیش آنے والے بحری حادثے پر وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انور چوہدری نے وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ واقعہ بندرگاہ کی حدود سے باہر پیش آیا اور صورتحال مکمل طور پر کنٹرول میں ہے۔
وزیر بحری امور کے مطابق 28 مئی کی شب دو غیر ملکی بحری جہاز آپس میں ٹکرا گئے تاہم خوش قسمتی سے اس حادثے میں کسی قسم کے جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
انہوں نے بتایا کہ حادثے کی فوری رپورٹ طلب کر لی گئی ہے جبکہ ابتدائی معلومات کے مطابق یہ واقعہ دونوں جہازوں کے ماسٹرز کی غفلت کے باعث پیش آیا۔
حکام کے مطابق متاثرہ کیبل بچھانے والے جہاز کو کراچی پورٹ ٹرسٹ کی ٹگ بوٹس کی مدد سے بحفاظت بندرگاہ منتقل کر دیا گیا ہے۔ اس موقع پر بندرگاہی عملے کی بروقت کارروائی کو سراہا گیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ بندرگاہ پر ہنگامی ردعمل اور مؤثر انتظامات پر پورے عملے کو خراجِ تحسین پیش کیا جاتا ہے جبکہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں تاکہ اصل وجوہات سامنے لائی جا سکیں۔
ادھر کراچی پورٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام بحری سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری ہیں اور صورتحال سے کوئی بڑا خلل پیدا نہیں ہوا۔
چیئرمین کراچی پورٹ اور نیول حکام نے بھی تصدیق کی ہے کہ متاثرہ جہاز کو ہر ممکن تکنیکی اور آپریشنل معاونت فراہم کی گئی تاکہ کسی بڑے نقصان سے بچا جا سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ حکومت اور متعلقہ ادارے بحری سلامتی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مسلسل متحرک ہیں اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔




