اگلے چند دن تک موسم ملک بھر میں کیا قہر ڈھائے گا؟ این ڈی ایم اے کا خطرناک الرٹ جاری
بروقت معلومات اور الرٹس کیلئے “پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ” کا استعمال کریں
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے ملک بھر میں 18 مئی تک ممکنہ شدید موسمی صورتحال کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے جبکہ بعض علاقوں میں طوفانی بارش، ژالہ باری، گلیشیئر پگھلنے اور شدید ہیٹ ویو کے خطرات ظاہر کیے گئے ہیں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق موجودہ موسمی صورتحال ادارے کی جانب سے چند ماہ قبل جاری کیے گئے موسمی جائزے اور پیشگی الرٹس کے عین مطابق ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک، بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔
اسلام آباد، مری، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، سیالکوٹ، لاہور، قصور، گوجرانوالہ اور دیگر شہروں میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ خیبرپختونخوا میں چترال، سوات، دیر، مانسہرہ، پشاور، مردان، بنوں اور ڈی آئی خان سمیت کئی اضلاع متاثر ہو سکتے ہیں۔
گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کیلئے بھی خصوصی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ ہنزہ، غذر، اسکردو، استور، نیلم ویلی، مظفرآباد اور راولا کوٹ سمیت گلیشیئر والے علاقوں میں گلیشیائی جھیل پھٹنے، فلیش فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب این ڈی ایم اے نے ملک کے جنوبی اور وسطی علاقوں کیلئے ہیٹ ویو الرٹ بھی جاری کر دیا ہے۔ سندھ، جنوبی پنجاب اور مشرقی بلوچستان میں آئندہ چند روز شدید گرمی برقرار رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، تھرپارکر، ملتان، بہاولپور، ڈی جی خان، تربت، سبی اور پنجگور سمیت کئی علاقوں میں درجہ حرارت غیر معمولی حد تک بڑھنے کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ شدید گرمی کے باعث ہیٹ اسٹروک، پانی کی کمی اور دیگر طبی مسائل میں اضافہ ہو سکتا ہے، جبکہ بجلی کی طلب بڑھنے اور پانی کی قلت کا بھی خدشہ ہے۔
ادارے نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز، زیادہ پانی پینے، ہلکے کپڑے پہننے اور خراب موسم کے دوران محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایت کی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کو کولنگ سینٹرز فعال رکھنے اور ہنگامی اقدامات یقینی بنانے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے نے عوام سے کہا ہے کہ بروقت معلومات اور الرٹس کیلئے “پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ” کا استعمال کریں اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔




