ایران امریکہ امن مذاکرات، جڑواں شہروں میں سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز کا آغاز
پولیس، ایلیٹ فورس، سی ٹی ڈی، رینجرز اور انٹیلیجنس ادارے مشترکہ حکمت عملی کے تحت کارروائیاں کر رہے ہیں
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایران اور امریکا کے درمیان کل ہونے والے امن مذاکرات کے پیش نظر سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے، جبکہ اسلام آباد اور راولپنڈی ڈویژن کے مختلف اضلاع میں وسیع پیمانے پر سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی دارالحکومت کے علاقوں شمس کالونی، مہر آبادی، کھنہ، بارہ کہو اور بری امام کے گرد و نواح میں خصوصی ٹیمیں سرگرم ہیں جہاں رہائشی کوائف کی تصدیق، نقل و حرکت کی نگرانی اور داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ کا عمل تیز کر دیا گیا ہے۔
راولپنڈی میں صادق آباد، ڈھوک کالا خان، کوہاٹی بازار، اصغر مال روڈ اور ریلوے کیرج فیکٹری ایریا سمیت مختلف علاقوں میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے، جبکہ اہم مقامات کے اطراف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ موجودگی یقینی بنائی جا رہی ہے۔
اس کے علاوہ کلر سیداں، مری، جہلم، چکوال اور اٹک کے مختلف علاقوں میں بھی مرحلہ وار کومبنگ آپریشنز جاری ہیں، جہاں پولیس، ایلیٹ فورس، سی ٹی ڈی، رینجرز اور انٹیلیجنس ادارے مشترکہ حکمت عملی کے تحت کارروائیاں کر رہے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ انٹیلیجنس بیسڈ اسکریننگ، رہائشی معلومات کی جانچ پڑتال اور حساس مقامات کی نگرانی کو مزید مؤثر بنایا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بروقت نمٹا جا سکے۔
سیکیورٹی اداروں کے مطابق یہ اقدامات عوام کے تحفظ اور امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں، اور یہ کارروائیاں مرحلہ وار جاری رہیں گی تاکہ ریاستی رٹ کو ہر صورت برقرار رکھا جا سکے۔




