1

حج 2026 کے مناسک جاری، حجاج کرام آج تینوں شیطانوں کی رمی کر رہے ہیں

حج 2026 کے مناسک جاری، حجاج کرام آج تینوں شیطانوں کی رمی کر رہے ہیں

حج کا تیسرا فرض طوافِ زیارت اور واجب سعی کا عمل آج بھی جاری رہےگا

حج 2026 کے مناسک جاری ہیں اور حجاج کرام آج تینوں شیطانوں کی رمی کر رہے ہیں۔

ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق حج کا تیسرا فرض طوافِ زیارت اور واجب سعی کا عمل آج بھی جاری رہےگا، جمرات اور منیٰ کے 511 چوک سے سعودی شٹل سروس حرم آمدورفت کے لیے مسلسل دستیاب ہے جبکہ حجاج کرام آج رات بھی وادی منیٰ میں قیام کریں گے۔

وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے پاکستانی حجاج کو مشاعر مقدسہ میں نظم و ضبط اور صفائی کا خصوصی خیال رکھنے کی ہدایت کی ہے، منیٰ کے خیموں اور راستوں پر کولنگ اور صفائی کے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں۔
وزیر مذہبی امور کے مطابق موسم کی شدت کے پیش نظر حجاج کرام کو دوپہر کے اوقات خیموں میں گزارنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں تاکہ گرمی کے اثرات سے محفوظ رہا جا سکے۔

ترجمان وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ حجاج کرام مکتب کے کڑے پر لگے کیو آر کوڈ کے ذریعے راستوں کی درست نشاندہی حاصل کرسکتے ہیں جبکہ ضعیف حجاج کی رہنمائی کے لیے منیٰ کے اہم مقامات پر پاکستان حج مشن کے گائیڈز 24 گھنٹے تعینات ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں