1

سفارتی تعلقات کے 75 سال؛ پاک چین دوستی آنے والے برسوں میں مزید مضبوط ہوگی صدر، وزیراعظم

پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور چین کی عوام کو  مبارکباد پیش کی اور کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی آنے والے برسوں میں مزید مضبوط اور مستحکم ہوگی۔

صدر آصف علی زرداری نے پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر چینی قیادت اور عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ  پاک چین تعلقات باہمی اعتماد، سٹریٹجک تعاون اور غیر متزلزل دوستی کی روشن مثال ہیں بدلتے علاقائی و عالمی حالات کے باوجود پاکستان اور چین ہمیشہ یکجہتی کے ساتھ کھڑے رہے۔

 انہوں نے کہا کہ پاک چین اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری خطے میں امن، استحکام اور ترقی کا اہم سنگ میل ہے پاکستان کے عوام پاک چین مثالی دوستی پر فخر کرتے ہیں۔

صدر زرداری نے کہا کہ صدر شی جن پنگ کی قیادت میں چین نے جدید کاری، غربت کے خاتمے اور قومی ترقی میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں پاکستان چین کے گلوبل ڈویلپمنٹ، گلوبل سیکیورٹی اور گلوبل سویلائزیشن اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چین کے عالمی اقدامات امن، پائیدار ترقی اور عالمی ہم آہنگی کے فروغ کی عکاسی کرتے ہیں پاکستان ’ون چائنا‘ اصول پر مضبوطی سے کاربند ہے چین کے بنیادی مفادات سے متعلق تمام امور پر پاکستان کی حمایت جاری رہے گی۔

اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے چین کی غیر متزلزل حمایت کو سراہتا ہےگلوبل ساوتھ کے لیے چین کی قیادت اور مغربی ایشیا میں امن کے قیام کے لیے اس کے مثبت کردار کو سراہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے کے تحت اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری اور ترقی کے عمل کو مزید تیز کیا جائے گا پاکستان اور چین ٹیکنالوجی، زراعت، گرین انرجی، سیاحت اور جدت طرازی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے خواہاں ہیں۔

  صدر مملکت نے مزید کہا کہ پاک چین دوستی کو مزید بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں پاکستان اور چین کی دوستی آنے والے برسوں میں مزید مضبوط اور مستحکم ہوگی۔

دوسری جانب وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی  پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے تاریخی موقع پر پاکستان اور چین کے عوام کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ اس تاریخی سنگِ میل کو شایانِ شان انداز میں منانا پاکستان اور چین کے تعلقات کی گہرائی، وسعت، مضبوطی اور تابناک مستقبل کی عکاس ہے پاکستان کے عوام، چین کے عوام کے لیے حقیقی طور پر بے حد عزت و احترام اور دلی محبت کا جذبہ رکھتے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ باہمی اعتماد، خودمختار برابری اور امن و ترقی کی مشترکہ خواہشات پر مبنی ہمارے دوطرفہ تعلقات اور مثالی دوستی ایک مضبوط ’’ہر موسم کی تزویراتی اشتراکی شراکت داری‘‘ میں تبدیل ہو چکی ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بدلتے ہوئے علاقائی اور عالمی حالات کے باوجود یہ دوستی مسلسل مضبوط، مؤثر اور تزویراتی اہمیت کی حامل ہوتی گئی ہے پاکستان، چین کے صدر عزت مآب شی جن پنگ کی مدبرانہ قیادت کو بے حد قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ صدر شی جن پنگ کی بصیرت افروز قیادت میں چین نے جدیدیت، اختراع، غربت کے خاتمے اور قومی احیاء کے میدان میں غیرمعمولی ترقی حاصل کی ہے چین کی ترقی اور تبدیلی ترقی پذیر ممالک کے لیے باعثِ تحریک اور قابل تقلید ہے اور عالمی امن و خوشحالی میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مختلف شعبہ جات میں چین کے تعاون کو بے حد قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے پاکستان ’’ایک چین‘‘ کے اصول پر اپنے غیرمتزلزل سفارتی مؤقف کا اعادہ کرتا ہے پاکستان کی سماجی و معاشی ترقی اور قومی ترجیحات میں چین کی مضبوط معاونت نے غیرمعمولی کردار ادا کیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک نے پاکستان میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی، توانائی کے تحفظ، صنعتی تعاون میں بے پناہ کردار ادا کیا ہے پاکستان، سی پیک کے اگلے مرحلے میں اعلیٰ معیار کی ترقی کے لیے پُرعزم ہے پاکستان اور چین کے مابین تعاون اب ڈیجیٹل معیشت، جدت، خلائی معاونت، تعلیم اور ثقافتی تبادلوں جیسے نئے شعبوں تک وسعت اختیار کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شاہراہِ قراقرم سے لے کر خلائی تعاون تک، پاک چین دوستی  پائیدار تزویراتی اعتماد کو عملی ترقی اور مشترکہ خوشحالی میں بدلنے کی روشن مثال ہے بڑھتی ہوئی عالمی غیر یقینی صورتحال اور تغیر پذیر دنیا میں پاکستان اور چین، کثیرالجہتی تعاون، پُرامن بقائے باہمی اور جامع ترقی کے اصولوں پر کاربند ہیں۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ ہماری ’’ہر موسم کی تزویراتی اشتراکی شراکت داری‘‘ علاقائی استحکام اور عالمی تعاون کے لیے ایک مثبت قوت کے طور پر اپنا کردار ادا کرتی رہے گی اللہ کرے کہ پاکستان اور چین کی لازوال دوستی ہر آنے والی نسل کے ساتھ مزید مضبوط ہوتی چلی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں