8

عالمی ذرائع ابلاغ کی جانب سے پاکستان کی بہترین حکمت عملی اور کامیاب ڈپلومیسی کا اعتراف

عالمی ذرائع ابلاغ کی جانب سے پاکستان کی بہترین حکمت عملی اور کامیاب ڈپلومیسی کا اعتراف

پاکستان نے حالیہ جنگ کے خاتمہ کے لیے بہترین کردار ادا کیا

عالمی ذرائع ابلاغ کی جانب سے پاکستان کی بہترین حکمت عملی اور کامیاب ڈپلومیسی کا اعتراف کیا جارہا ہے، پاکستان نے شاندار ملٹری ڈپلومیسی اور مؤثر سفارتکاری سے اقوام عالم کو متاثر کن جنگ سے بچا لیا۔

عالمی میڈیا کی جانب سے امن و استحکام کے لیے پاکستان کے بطور نیٹ ریجنل اسٹیبلائزر کردار کی بھر پور ستائش کی گئی ہے۔

الجزیرہ کے مطابق پاکستان نے حالیہ جنگ کے خاتمہ کے لیے بہترین کردار ادا کیا اور ٹرمپ نے حملے روک دیے۔ عالمی خبر ایجنسی رائٹرز کے مطابق پاکستان امریکا اور ایران  کے درمیان ایک طاقتور ثالث کے طورپر ابھر کر سامنے آیا ہے۔

فاکس نیوز کی جانب سے کہا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سے بات چیت کے بعد لڑائی کو روک رہے ہیں جب کہ بی بی سی نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ پاکستان کئی ہفتوں سے خطے میں امن و  استحکام کے لیے دن رات کاوشوں میں مصروف رہنے کے بعد کامیاب ہو گیا ہے۔

گالف نیوز کے مطابق پاکستان نے ایران اور امریکا کے ساتھ دیرینہ تعلقات کے باعث خود کو امن کے ایک بااعتماد ضامن کے طور پر منوا یا ہے جب کہ ٹی آر ٹی ورلڈ کی جانب سے کہا گیا کہ پاکستان نے خطے کو تباہ کن خطرات سے بچانے کے لیے ایک تاریخی مصالحتی اور نتیجہ خیز کردار ادا کیا ہے۔

بھارتی جریدہ دی ہندو نے بھی جنگ کے خاتمے کے لیے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی انتھک اور مخلصانہ کوششوں کو اجاگر کیا۔

ماہرین کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی مدبرانہ حکمت عملی اور انتھک کوششوں نے  خطے کو بڑی تباہی سے بچا لیا، امریکا ایران جنگ میں پاکستان کی جانب سے ثالثی کا کردار پاکستان کی اہمیت اور عالمی سطح پر بھر پور اعتماد کا عکاس ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں