قومی جونیئر اسکواش ٹیم میڈلز کے خواب لیے چین پہنچ گئی
بوائز انڈر 15 ایونٹ میں احمد ریان خلیل اور سہیل عدنان قومی امیدوں کا مرکز ہوں گے
پاکستان کا جونیئر اسکواش دستہ 33ویں ایشین جونیئر انفرادی اسکواش چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے چین روانہ ہوگیا جہاں نوجوان کھلاڑی ایشیائی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کیلئے ایکشن میں دکھائی دیں گے۔
ایشین جونیئر ایونٹ 20 سے 24 مئی تک چین کے شہر پانزیہوا میں منعقد ہوگا۔ قومی اسکواڈ اسلام آباد سے روانہ ہوا جہاں کھلاڑیوں اور آفیشلز کو الوداع کرنے کیلئے اسپورٹس حلقوں کی شخصیات بھی موجود تھیں۔
پاکستان کی نمائندگی کرنے والے کھلاڑیوں میں عبداللہ نواز بوائز انڈر 19 کیٹیگری میں ایکشن میں ہوں گے جبکہ نعمان خان انڈر 17 مقابلوں میں حصہ لیں گے۔
بوائز انڈر 15 ایونٹ میں احمد ریان خلیل اور سہیل عدنان قومی امیدوں کا مرکز ہوں گے جبکہ مصطفیٰ خان انڈر 13 کیٹیگری میں کورٹ سنبھالیں گے۔
گرلز ایونٹس میں پشاور سے تعلق رکھنے والی باصلاحیت بہنیں سحرش اور ماہنور علی انڈر 15 مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی اور میڈلز کے حصول کیلئے میدان میں اتریں گی۔
ٹیم کے ساتھ گروپ کیپٹن ریٹائرڈ عرفان اصغر بطور ٹیم منیجر جبکہ سابق انٹرنیشنل اسکواش پلیئر فہیم گل ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔




