وزیر اعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات میں بڑی کمی کا اعلان کر دیا
اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ وہ ایک تاریخ ساز موقع پر قوم سے بات کر رہے ہیں
وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے اہم خطاب میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا پورا فائدہ عوام تک پہنچایا جائے گا۔
وزیراعظم نے بتایا کہ ڈیزل کی قیمت میں فوری طور پر 135 روپے فی لیٹر کمی کی جا رہی ہے، جس کے بعد نئی قیمت 520 روپے سے کم ہو کر 385 روپے فی لیٹر ہو جائے گی۔
اسی طرح پیٹرول کی قیمت میں 12 روپے فی لیٹر کمی کے بعد نئی قیمت 378 روپے سے کم ہو کر 366 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے، جو آج رات 12 بجے سے نافذ العمل ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ انہیں تجویز دی گئی تھی کہ قیمتوں میں کمی کا کچھ حصہ حکومتی سبسڈی کی مد میں استعمال کیا جائے، تاہم انہوں نے یہ تجویز فوری طور پر مسترد کر دی تاکہ مکمل ریلیف عوام تک پہنچایا جا سکے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ڈیزل کی قیمتوں میں کمی سے زرعی شعبے میں لاگت کم ہوگی اور عوام کو ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں بھی ریلیف ملے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومتوں کے تعاون سے چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں ہدفی سبسڈی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
اپنے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ یہ ایک تاریخی موقع ہے جب خلیج میں جنگ کے بجائے امن کی بات ہو رہی ہے اور ایران و امریکہ مذاکرات کی میز پر آنے کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ دونوں ممالک کی قیادت پاکستان کی دعوت پر اسلام آباد آ رہی ہے، جو نہ صرف پاکستان بلکہ پوری امت مسلمہ کے لیے باعث فخر ہے۔
وزیراعظم نے اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سمیت پوری ٹیم کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کا کردار تاریخ میں سنہری الفاظ میں یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے گزشتہ ہفتوں میں مہنگائی کے اثرات کم کرنے کے لیے 129 ارب روپے خرچ کیے، اور اب جب عالمی منڈی میں قیمتیں کم ہوئی ہیں تو یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ اس کا فائدہ عوام کو منتقل کرے۔
وزیراعظم نے قوم سے اپیل کی کہ وہ امن مذاکرات کی کامیابی کے لیے دعا کریں تاکہ خطے میں پائیدار امن قائم ہو اور معصوم جانیں بچائی جا سکیں۔




