4

کمبوڈیا میں زیر حراست 54 پاکستانی شہریوں کی جلد واپسی پر پیش رفت

کمبوڈیا میں زیر حراست 54 پاکستانی شہریوں کی جلد واپسی پر پیش رفت

کمبوڈیا میں آن لائن فراڈ کے ایک کمپاؤنڈ پر کارروائی کے دوران 54 پاکستانی شہریوں کو حراست میں لیا گیا تھا۔

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق کمبوڈیا میں زیر حراست پاکستانی شہریوں کے معاملے پر پیش رفت سامنے آئی ہے اور کمبوڈین حکام نے ان کی جلد وطن واپسی پر آمادگی ظاہر کردی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ کمبوڈیا کے صوبے سیام ریپ میں آن لائن فراڈ کے ایک کمپاؤنڈ پر کارروائی کے دوران 54 پاکستانی شہریوں کو حراست میں لیا گیا تھا۔

ترجمان نے بتایا کہ پاکستان کا سفارت خانہ اس معاملے کو کمبوڈین حکومت کے ساتھ مسلسل اور فعال انداز میں اٹھاتا رہا ہے۔ نائب وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق بیرون ملک پاکستانیوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا سفارتی مشنز کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی سفارت خانے کا عملہ زیر حراست شہریوں کی فلاح و بہبود یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات کررہا ہے جب کہ کمبوڈین حکام نے آمادگی ظاہر کی ہے کہ ان پاکستانی شہریوں کو خیرسگالی کے طور پر جلد وطن واپس بھیجا جائے گا۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ واپسی کا عمل پروازوں کے انتظامات مکمل ہونے کے بعد شروع کیا جائے گا۔ ان شہریوں کو ’’آن لائن فراڈ کے انسداد کے قانون‘‘ کے تحت بغیر مزید قانونی کارروائی کے واپس بھیجا جائے گا۔

خیال رہے کہ یہ قانون کمبوڈیا میں 7 اپریل 2026 سے نافذ العمل ہے جس کے تحت آن لائن فراڈ میں ملوث افراد کو طویل قید اور بھاری جرمانوں کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ سفارتی کوششوں کے باعث معاملے کو انسانی بنیادوں پر حل کرنے کی راہ ہموار ہوئی ہے اور پاکستانی شہریوں کی واپسی جلد متوقع ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں