اسٹیٹ بینک نے مویشی منڈیوں میں گو کیش لیس مہم شروع کرنے کا اعلان کر دیا
ملک بھر میں 22 بینک مویشی منڈیوں میں خصوصی کیمپس اور کیوسک قائم کریں گے
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے عیدالاضحیٰ 2026 کے موقع پر ملک بھر میں “گو کیش لیس” مہم شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے جس کا مقصد مویشی منڈیوں اور متعلقہ کاروبار کو مکمل طور پر ڈیجیٹل ادائیگیوں کی طرف منتقل کرنا ہے۔
اس مہم کے تحت ملک بھر میں 22 بینک مویشی منڈیوں میں خصوصی کیمپس اور کیوسک قائم کریں گے جبکہ مجموعی طور پر 54 سے بڑھا کر 96 مویشی منڈیوں کو اس ڈیجیٹل نظام میں شامل کیا جائے گا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق بیوپاریوں، ٹرانسپورٹرز اور دیگر سروس فراہم کنندگان کو کیو آر کوڈ اور ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام پر منتقل کیا جائے گا تاکہ نقد لین دین پر انحصار کم کیا جا سکے۔
مرکزی بینک نے عید سیزن کے دوران ٹرانزیکشن اور اکاؤنٹ بیلنس حدود میں عارضی نرمی دینے کا بھی اعلان کیا ہے، جو 14 مئی سے 5 جون 2026 تک نافذ رہے گی تاکہ ڈیجیٹل لین دین کو فروغ دیا جا سکے۔
منڈیوں کے اطراف موبائل بینکنگ وینز، اے ٹی ایمز اور کیش ڈپازٹ مشینیں بھی نصب کی جائیں گی تاکہ عوام کو سہولت میسر ہو۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے عوام کو موبائل بینکنگ، راست اکاؤنٹ اور کیو آر کوڈ ادائیگیوں کے استعمال کی ترغیب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیجیٹل ادائیگیاں نہ صرف نقد رقم ساتھ رکھنے کے خطرات کم کرتی ہیں بلکہ شفاف مالی نظام کے فروغ میں بھی مددگار ہیں۔
مرکزی بینک کے مطابق عیدالاضحیٰ کے دوران کیش لیس ادائیگیوں کے فروغ سے ملک میں ڈیجیٹل معیشت کو مزید مضبوط بنایا جا سکے گا۔




