امریکا میں دو رنگوں والا نایاب جھینگا دریافت
سمندری ماہرین کا کہنا ہے کہ اس قسم کا جھینگا تقریباً 5 کروڑ میں ایک بار ملتا ہے
امریکی ریاست میساچوسٹس کے جزیرہ نما علاقے کیپ کوڈ کے ساحل سے دو مختلف رنگوں والا ایک نایاب جھینگا دریافت ہوا ہےجس نے سمندری ماہرین کو حیرت میں ڈال دیا۔
یہ غیر معمولی جھینگا جس کا رنگ آدھا بھورا اور آدھا نارنجی ہے ماہرین کے مطابق قدرت کا ایک انوکھا مظہر ہے سمندری ماہرین کا کہنا ہے کہ اس قسم کا جھینگا تقریباً 5 کروڑ میں ایک بار ملتا ہے۔
یہ جھینگا کشتی کے عملے کے رکن ٹموتھی مائیکل نے دریافت کیا جو اسے دیکھ کر حیران رہ گئے جھینگے کا وزن 3 پاؤنڈ سے زیادہ بتایا گیا ہے جبکہ حیران کن بات یہ ہے کہ سر سے لے کر دم تک اس کا جسم آدھا بھورے اور آدھا نارنجی رنگ کا ہے۔
ماہرین کے مطابق اس طرح کی منفرد رنگت جینیاتی تبدیلی کے باعث پیدا ہوتی ہے جو اسے عام جھینگوں سے مختلف بناتی ہے۔
دریافت کرنے والی کمپنی نے اس نایاب جھینگے کو فروخت یا استعمال کرنے کے بجائے ووڈز ہول سائنس اکویریئم کے حوالے کر دیا ہے۔
اکویریئم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ 2027 میں تزئین و آرائش مکمل ہونے کے بعد اس جھینگے کو عوامی نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا۔




