ٹک ٹاک نے 2025 کی چوتھی سہ ماہی (اکتوبر تا دسمبر) کے دوران پاکستان کی 2 کروڑ 29 لاکھ سے زائد ویڈیوز ڈیلیٹ کردیں۔
ٹک ٹاک نے 2025 کی چوتھی سہ ماہی کے بارے میں کمیونٹی گائیڈ لائنز کے نفاذ کے حوالے سے اپنی رپورٹ جاری کردی ہے۔ یہ رپورٹ صارفین کے لیے ایک محفوظ ڈیجیٹل ماحول فراہم کرنے کی غرض سے ٹک ٹاک کے مسلسل عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
اکتوبر سے دسمبر 2025 تک کے اعداد و شمار پر مشتمل اس رپورٹ میں ان اقدامات کی تفصیل دی گئی ہے جو ٹک ٹاک نے اپنی کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی کرنے والے مواد کی نشاندہی کرنے اور اسے حذف کرنے کے لیے انجام دیے تاکہ اپنی عالمی کمیونٹی کے لیے ایک مثبت تجربہ یقینی بنایا جاسکے۔
سنہ 2025 کی چوتھی سہ ماہی کے دوران ٹک ٹاک نے پاکستان میں کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی پر مجموعی طور پر 2 کروڑ 29 لاکھ 90 ہزار 460 ویڈیوز ہٹائیں۔ اس عرصے میں ٹک ٹاک نے پیشگی اقدامات کے تحت 99.9 فیصد ویڈیوز کو حذف کیا جب کہ 98.4 فیصد ویڈیوز کو محض 24 گھنٹوں کے اندر حذف کیا گیا۔

زیر جائزہ سہ ماہی کے دوران ٹک ٹاک نے دنیا بھر میں مجموعی طور پر 175 ملین (175,302,085) ویڈیوز ہٹائیں جو پلیٹ فارم پر اپ لوڈ کیے گئے کل کنٹنٹ کا تقریباً 0.5 فیصد بنتی ہیں۔
حذف کی گئیں ویڈیوز میں سے 152,580,933 ویڈیوز کو خودکار ٹیکنالوجی کے ذریعے شناخت کرکے ہٹایا گیا تاہم مزید جائزے کے بعد 8,360,780 ویڈیوز بحال کردی گئیں۔
فعال سرگرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حذف کرنے کی شرح 99.1 فیصد رہی جب کہ 93.4 فیصد نشاندہی کردہ کنٹنٹ کو پوسٹ ہونے کے محض 24 گھنٹوں کے اندر حذف کردیا گیا۔
اخلاقی اُصولوں پر ٹک ٹاک کی سالمیت کوبرقرار رکھنے کے لیے اس سہ ماہی میں پلیٹ فارم نے 143,834,113 جعلی اکاؤنٹس کو بھی حذف کیا جب کہ مزید 23,875,879 ایسے اکاؤنٹس بھی ختم کیے جن کے بارے میں شبہ تھا کہ وہ 13 سال سے کم عمر افراد سے تعلق رکھتے تھے۔
زیر تذکرہ رپورٹ کے مطابق حذف کی گئیں ویڈیوز کا ایک نمایاں حصہ یعنی 21.2 فیصد ایسے حساس یا بالغ موضوعات پر مشتمل تھا جو کنٹنٹ کے حوالے سے ٹک ٹاک کی پالیسیوں سے مطابقت نہیں رکھتا تھا۔
مزید یہ کہ 9.1 فیصد ویڈیوز نے پلیٹ فارم کے حفاظتی اور مہذب روئیے کے معیارات کی خلاف ورزی کی جب کہ 1.2 فیصد ویڈیوز نے رازداری اور سیکیورٹی کے اصولوں سے انحراف کیا۔
علاوہ ازیں حذف کی گئی 1.6 فیصد ویڈیوز غلط معلومات کے طور پر شناخت کی گئیں جب کہ 1.8 فیصد ویڈیوز کو ایڈیٹ شدہ میڈیا اور مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ مواد کے طور پر فلیگ کیا گیا۔




