صدر مملکت اور وزیراعظم کی اہم ملاقات، ایران امریکا مذاکرات میں پاکستان کے کردار کو سراہا
پاکستان نے ایک بار پھر ثابت کردیا کہ وہ عالمی امن کے فروغ میں تاریخی کردار ادا کرسکتا ہے، صدر مملکت
اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس میں خطے کی موجودہ سلامتی اور سفارتی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
صدر مملکت نے امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کی میزبانی میں پاکستان کی انتھک کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایک بار پھر ثابت کردیا کہ وہ عالمی امن کے فروغ میں تاریخی کردار ادا کرسکتا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے صدر مملکت کو ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کے تمام پہلوؤں پر اعتماد میں لیا۔ اس موقع پر صدر مملکت کو پاکستان کی ثالثی سے ہونے والی پیش رفت سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔
صدر آصف زرداری نے اس عظیم سفارتی کامیابی پر وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
واضح رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات حال ہی میں اسلام آباد میں مکمل ہوئے تھے جسے پاکستان کی بڑی سفارتی کامیابی قرار دیا جارہا ہے۔




