ایران کے ساتھ مذاکرات کا دوسرا دور جمعہ کو ہوسکتا ہے، ڈونلڈ ٹرمپ
امریکی صدر کا کہنا ہے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات کے دوسرے دور کے لیے اچھی خبر ہے۔
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیویارک پوسٹ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات کا دوسرا دور جمعہ کو ہوسکتا ہے۔
امریکی صدر کا کہنا ہے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات کے دوسرے دور کے لیے اچھی خبر ہے، آئندہ 36 سے 72 گھنٹوں میں امریکا ایران مذاکرات دوسرا دور ہوسکتا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان کی جانب سے جاری سفارتی رابطوں کے باعث تہران کے ساتھ بات چیت میں بہتری آئی ہے جس کے بعد مذاکرات کی بحالی کے امکانات روشن ہوئے ہیں۔
یہ پیش رفت ایک روز قبل اس اعلان کے بعد سامنے آئی ہے جب امریکی صدر نے ایران کے ساتھ جاری جنگ بندی میں توسیع کا فیصلہ کیا تھا تاکہ ایرانی قیادت ایک مشترکہ مؤقف تیار کرسکے۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ انہوں نے فوج کو ہدایت دی ہے کہ ناکہ بندی جاری رکھی جائے اور دیگر تمام امور کے لیے تیار رہا جائے جب کہ جنگ بندی مذاکرات کے مکمل ہونے تک برقرار رہے گی۔
اگرچہ دونوں جانب بیانات میں سختی دیکھی جا رہی ہے تاہم اب تک کسی نئی فوجی کارروائی میں اضافہ نہیں ہوا جو ایک مثبت اشارہ سمجھا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اس سارے عمل میں اہم ثالث کا کردار ادا کررہا ہے اور کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی کوششیں جاری ہیں۔




