ایپل نے پہلی بار عالمی اسمارٹ فون مارکیٹ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرلی
ایپل نے جنوری تا مارچ 2026 کے دوران عالمی اسمارٹ فون ترسیلات کا 21 فیصد حصہ حاصل کیا۔
ایپل نے 2026 کی پہلی سہ ماہی میں پہلی بار عالمی اسمارٹ فون مارکیٹ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرلی ہے۔ کمپنی کی عالمی سطح پر سب سے زیادہ اسمارٹ فون کی ترسیلات ریکارڈ ہوئی ہیں۔
نئی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق ایپل نے جنوری تا مارچ 2026 کے دوران عالمی اسمارٹ فون ترسیلات کا 21 فیصد حصہ حاصل کیا اور گزشتہ سال کے مقابلے میں 9 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا جب کہ مجموعی عالمی مارکیٹ میں 3 فیصد کمی دیکھی گئی۔
سام سنگ بھی 21 فیصد حصے کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی تاہم اس کی ترسیلات میں کوئی خاص تبدیلی نہیں دیکھی گئی۔ اسی طرح شاؤمی 12 فیصد حصے کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی جب کہ اوپو اور ویوو نے بالترتیب 10 اور 7 فیصد مارکیٹ شیئر حاصل کیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کئی اینڈرائیڈ کمپنیوں کو اس دوران کمی کا سامنا کرنا پڑا جن میں شاؤمی کی ترسیلات میں 19 فیصد، اوپو میں 4 فیصد اور ویوو میں 2 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
ایپل کی اس کامیابی کو اس کے نئے اسمارٹ فون ماڈلز کی مضبوط طلب اور بہتر سپلائی چین حکمت عملی کا نتیجہ قرار دیا جارہا ہے۔ کمپنی نے چین میں بہتر فروخت کو بھی اپنی ترقی کی اہم وجہ قرار دیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عالمی اسمارٹ فون انڈسٹری اس وقت میموری چپس کی کمی جیسے مسائل کا شکار ہے جس کے باعث متعدد کمپنیوں کو پیداواری دباؤ اور بڑھتے ہوئے اخراجات کا سامنا ہے۔
ماہرین کے مطابق چپس بنانے والی کمپنیاں اب ڈیٹا سینٹرز کی ضروریات کو ترجیح دے رہی ہیں جس کا اثر اسمارٹ فون انڈسٹری پر پڑ رہا ہے اور سپلائی بحران مزید سنگین ہوتا جارہا ہے۔
تجزیاتی ادارے کا کہنا ہے کہ یہ صورتحال آئندہ برسوں تک جاری رہ سکتی ہے اور ممکن ہے کہ 2027 کے آخر تک اس کا اثر عالمی مارکیٹ پر برقرار رہے۔




