29

جناح کنونشن سینٹر میں تاریخی لمحے کی تیاری مکمل، اسلام آباد مذاکرات پر دنیا کی نظریں

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں واقع جناح کنونشن سینٹر مکمل طور پر عالمی سطح کے اہم مذاکرات کی میزبانی کے لیے تیار ہے، جہاں آج سے شروع ہونے والے اسلام آباد ٹاکس کو ایک تاریخی سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق کنونشن سینٹر کے اندر تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، جن میں سیکیورٹی، میڈیا کوریج، اور سفارتی پروٹوکول شامل ہیں۔ ہالز کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا گیا ہے تاکہ عالمی رہنماؤں اور وفود کو ایک موثر اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔

یہ مذاکرات نہ صرف خطے بلکہ عالمی سیاست میں اہم پیش رفت کے طور پر دیکھے جا رہے ہیں، جہاں پاکستان ایک بار پھر سفارتی مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے۔

 

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس مذاکرات کیلیے پاکستان روانہ ہو چکے ہیں انہوں نے پاکستان روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ ایران کے ساتھ سنجیدہ اور تعمیری مذاکرات کا خواہاں ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ان کا مقصد ایران کے ساتھ مثبت اور نتیجہ خیز بات چیت کو آگے بڑھانا ہے۔ ان کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے دی گئی ہدایات اور گائیڈ لائنز کے تحت وہ ان مذاکرات میں شرکت کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان کی میزبانی میں امریکہ اور ایران کے درمیان یہ اہم مذاکرات آج سے شروع ہو رہے ہیں، جن کا مرکزی مرحلہ ہفتے کو ہوگا۔ امریکی وفد کی قیادت جے ڈی وینس کریں گے، جبکہ ان کے ہمراہ اسٹیو وٹکوف اور جیریڈ کشنر بھی شریک ہوں گے۔

دوسری جانب ایرانی وفد کی نمائندگی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور پارلیمنٹ اسپیکر محمد باکرقالباف کریں گے۔

حکومتِ پاکستان نے اسلام آباد میں منعقد ہونے والے اہم بین الاقوامی مذاکرات کے پیشِ نظر غیر ملکی مندوبین اور صحافیوں کے لیے خصوصی سہولت کا اعلان کر دیا ہے۔ اس اقدام کے تحت شرکاء کو پاکستان آمد پر ویزا جاری کیا جائے گا تاکہ ان کی شرکت کو آسان اور تیز بنایا جا سکے۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان اسلام آباد مذاکرات 2026 میں شریک تمام ممالک کے نمائندوں اور میڈیا اہلکاروں کا پرتپاک خیرمقدم کرتا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ اس سلسلے میں ایئرلائنز کو ہدایت کی گئی ہے کہ متعلقہ افراد کو بغیر پیشگی ویزا کے بھی پاکستان کے لیے بورڈنگ کی اجازت دی جائے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں غیر ملکی وفود کی آمد کے پیشِ نظر اسلام آباد ٹریفک پولیس نے 11 اور 12 اپریل کے لیے خصوصی ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے، جس کے تحت مختلف اوقات میں اہم شاہراہوں پر ڈائیورشنز لگائی جائیں گی۔

ٹریفک پولیس کے مطابق شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی ممکنہ پریشانی سے بچنے کے لیے متبادل راستوں کا استعمال کریں۔ جی ٹی روڈ پر سفر کرنے والوں کے لیے بھی خصوصی روٹس تجویز کیے گئے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں