1

سائنسدانوں نے 97 فیصد کینسر ختم کرنے والا نقلابی پیچ تیار کرلیا

سائنسدانوں نے 97 فیصد کینسر ختم کرنے والا انقلابی پیچ تیار کرلیا

یہ تجرباتی پہننے کے قابل پیچ میلانوما کے 97 فیصد ٹیومرز کو بغیر سرجری کے ختم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے

سائنسدانوں نے ایک ایسا انقلابی پیچ تیار کیا جو 97 فیصد کینسر ختم کرنے کی صلاحیت رکھتا جس سے مستقبل میں سرجری کی ضرورت کم کی جاسکے گی۔

یہ تجرباتی پہننے کے قابل پیچ میلانوما (جو کہ جلد کے کینسر کی ایک خطرناک قسم ہے) کے 97 فیصد ٹیومرز کو بغیر سرجری کے ختم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے یہ پیش رفت اس مستقبل کی جھلک پیش کرتی ہے جہاں بعض کینسرز کا علاج بغیر جراحی مداخلت کے ممکن ہو سکے گا۔

سائنسی جریدے اے سی ایس نینو کے مطابق یہ لچکدار پیچ لیزر سے تیار کردہ گرافین اور کاپر آکسائیڈ نینو پارٹیکلز پر مشتمل ہے جب اس پیچ کو کم طاقت والے لیزر کے سامنے رکھا جاتا ہے تو یہ تقریباً 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرم ہو جاتا ہے، جس سے کاپر آئنز براہ راست کینسر والے خلیوں میں خارج ہوتے ہیں۔

یہ کاپر آئنز کینسر کے خلیوں کے اندر زہریلا آکسیڈیٹو دباؤ پیدا کرتے ہیں جس سے وہ خلیے ختم ہو جاتے ہیں جبکہ اردگرد کی صحت مند جلد متاثر نہیں ہوتی۔

 یہ نظام مختلف علاجی طریقوں کو ایک ہی پلیٹ فارم میں یکجا کرتا ہے اور صرف متاثرہ جگہ پر کام کرتا ہے۔

چوہوں پر کیے گئے تجربات میں سائنسدانوں نے تقریباً 10 دن کے اندر ٹیومر میں 97 فیصد تک کمی دیکھی جبکہ اس علاج نے کینسر کے خلیوں کو اصل مقام سے باہر پھیلنے سے بھی روکا۔

مطالعے کے دوران جسم کے کسی عضو میں زہریلے اثرات یا کاپر کے طویل مدتی جمع ہونے کے شواہد نہیں ملے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ طریقہ روایتی کیموتھراپی یا ریڈی ایشن کے مقابلے میں کم سائیڈ ایفیکٹس کا باعث بن سکتا ہے۔

روایتی کینسر علاج جیسے سرجری، ادویات یا بار بار ہسپتال جانے کے برعکس یہ پیچ ایک “آن ڈیمانڈ” تھراپی کے طور پر کام کرتا ہے جسے باہر سے ہلکے لیزر کے ذریعے فعال کیا جاتا ہے یہ ایک طبی پٹی  کی طرح ہے جو براہ راست متاثرہ جلد پر لگائی جاتی ہے۔

فی الحال یہ ٹیکنالوجی ابتدائی تجرباتی مرحلے میں ہے۔ نتائج صرف جانوروں (چوہوں) پر کیے گئے تجربات تک محدود ہیں اور انسانوں پر کلینیکل ٹرائلز ابھی شروع نہیں ہوئے۔

اگرچہ یہ ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے لیکن یہ تحقیق اس بات کی امید دلاتی ہے کہ مستقبل میں جدید، آسان اور ہدفی کینسر علاج اسمارٹ پہننے کے قابل آلات کے ذریعے ممکن ہو سکے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں