کرچی میں پی آر سی سی لائن کا مرمتی کام مکمل، پانی کی فراہمی بتدریج بحال
مرمتی کام مکمل ہوتے ہی کورنگی، ملیر، چنیسر، جناح، صدر، کلفٹن اور ڈی ایچ اے سمیت دیگر علاقوں میں پانی کی سپلائی بحال ہونا شروع ہو گئی ہے
کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے پی آر سی سی لائن کی مرمت کا کام کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیا ہے جس کے بعد شہر کے مختلف متاثرہ علاقوں میں پانی کی فراہمی بتدریج بحال کر دی گئی ہے۔
ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق مرمتی کام مکمل ہوتے ہی کورنگی، ملیر، چنیسر، جناح، صدر، کلفٹن اور ڈی ایچ اے سمیت دیگر علاقوں میں پانی کی سپلائی بحال ہونا شروع ہو گئی ہے اور صورتحال میں مسلسل بہتری آ رہی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ شہر کو یومیہ 650 ملین گیلن کے مقابلے میں اس وقت 610 ملین گیلن پانی فراہم کیا جا رہا ہے جبکہ صرف 40 ملین گیلن کی کمی باقی رہ گئی ہے جسے جلد پورا کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں بجلی کے اچانک بریک ڈاؤن کے باعث دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کی اہم تنصیبات متاثر ہوئیں، جس سے پانی کی ترسیل کا نظام متاثر ہوا اور شہر کے مختلف علاقوں میں سپلائی میں خلل پیدا ہوا تاہم اب صورتحال میں نمایاں بہتری آ چکی ہے اور سپلائی بتدریج بحال کر دی گئی ہے۔




