1

مصنوعی ذہانت نے گیمنگ کی دنیا میں پروفیشنل گیمرز کو دھول چٹادی

مصنوعی ذہانت نے گیمنگ کی دنیا میں پروفیشنل گیمرز کو دھول چٹادی

سان فرانسسکو میں ہونے والے ایک لائیو ایونٹ کے دوران اوپن اے آئی نے اپنا جدید سسٹم پیش کیا ہے۔

مصنوعی ذہانت نے گیمنگ کی دنیا میں بھی انسانوں کو شکست سے دوچار کردیا۔

سان فرانسسکو میں ہونے والے ایک لائیو ایونٹ کے دوران اوپن اے آئی نے اپنا جدید سسٹم پیش کیا جس نے پانچ تجربہ کار انسانی کھلاڑیوں کے ساتھ مشہور گیم ڈوٹا 2 میں مقابلہ کیا۔

کمپنی کے مطابق یہ سسٹم مسلسل خود کھیل کر سیکھتا ہے اور روزانہ سیکڑوں سالوں کے برابر تجربہ حاصل کرلیتا ہے۔

مقابلے میں شامل انسانی ٹیم میں اعلیٰ سطح کے پیشہ ور کھلاڑی شامل تھے جنہوں نے اپنی بھرپور مہارت کے ساتھ مقابلہ کیا تاہم پہلے میچ میں مصنوعی ذہانت نے ابتدائی منظم حکمت عملی کے ذریعے برتری حاصل کرلی اور صرف 21 منٹ میں انسانی ٹیم کو ہار ماننی پڑی۔

دوسرے میچ میں انسانی کھلاڑیوں نے کچھ بہتری دکھائی اور ابتدائی مرحلے میں مقابلہ نسبتاً برابر رہا تاہم کچھ دیر بعد سسٹم نے دوبارہ برتری حاصل کرلی اور 24 منٹ میں فتح اپنے نام کرلی۔

تیسرے میچ میں ناظرین کو سسٹم کے لیے ٹیم منتخب کرنے کا موقع دیا گیا جس میں کمزور حکمت عملی منتخب ہونے پر انسانی ٹیم نے آسانی سے کامیابی حاصل کرلی۔

کھلاڑیوں کے مطابق اس سسٹم کی سب سے بڑی طاقت فوری فیصلے لینے کی صلاحیت اور منظم ٹیم ورک تھا جب کہ کچھ کمزوریاں جیسے چھپے ہوئے حملوں پر ردعمل اور نقشے پر نگرانی میں بھی دیکھی گئیں لیکن مجموعی طور پر یہ ناکافی ثابت ہوئیں۔

اوپن اے آئی کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ مستقبل میں ایسے ذہین نظام بنانے کی کوشش کا حصہ ہے جو پیچیدہ ماحول میں انسانوں کی طرح فیصلے کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔

کچھ ماہر کھلاڑیوں کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر یہی سسٹم بڑے عالمی مقابلوں میں حصہ لے تو اس کے جیتنے کے امکانات بہت زیادہ ہوسکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں