نیا سائنسی ٹول؛ آپ کا گھر 32 کروڑ سال پہلے کہاں تھا؟ جانیے
براعظم مسلسل حرکت کرتے رہے ہیں جس کے باعث آج کے ممالک اور علاقے بالکل مختلف جگہوں پر موجود ہیں۔
سائنسدانوں نے ایک نیا آن لائن ٹول متعارف کرایا ہے جو یہ بتاتا ہے کہ زمین کے کسی بھی مقام کی پوزیشن کروڑوں سال پہلے کہاں تھی۔ اس ٹول کے ذریعے یہ بھی معلوم کیا جاسکتا ہے کہ آپ کا موجودہ علاقہ قدیم دور میں کس خطے میں موجود تھا۔
یہ نیا نظام زمین کے ماہرین کی ایک ٹیم نے تیار کیا ہے جس کی مدد سے کوئی بھی شخص یہ جان سکتا ہے کہ اس کا شہر یا علاقہ گزشتہ 32 کروڑ سال کے دوران کس طرح زمین کی حرکت کے ساتھ بدلتا رہا۔
اس تحقیق سے یہ بھی سامنے آیا ہے کہ زمین کے براعظم مسلسل حرکت کرتے رہے ہیں جس کے باعث آج کے ممالک اور علاقے ماضی میں ایک دوسرے سے بالکل مختلف جگہوں پر موجود تھے۔
مثال کے طور پر یورپ کے ایک علاقے میں ملنے والے قدیم فوسلز سے معلوم ہوا کہ وہاں کا موسم اور ماحول آج کے خلیجی خطے جیسا تھا۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اس وقت وہ علاقہ موجودہ یورپ کے بجائے کسی اور جغرافیائی پوزیشن پر تھا۔
ماہرین کے مطابق یہ نیا نظام صرف وقت کے حساب سے نہیں بلکہ جگہ کے حساب سے بھی زمین کی تاریخ کو سمجھنے میں مدد دیتا ہے جس سے قدیم زندگی اور حیاتیاتی تبدیلیوں کو بہتر انداز میں جانچا جاسکتا ہے۔
اس ٹول میں زمین کے مختلف ادوار کا تفصیلی نقشہ شامل کیا گیا ہے جس میں پہاڑی سلسلوں اور بدلتے ہوئے زمینی ڈھانچے کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے۔
ساتھ ہی اس میں زمین کے قطبین کی تبدیلی کو بھی شامل کیا گیا ہے کیونکہ وقت کے ساتھ صرف براعظم ہی نہیں بلکہ زمین کے قطبین بھی اپنی جگہ بدلتے رہے ہیں۔
نیا سسٹم صارفین کو یہ سہولت بھی دیتا ہے کہ وہ اپنے علاقے کا ڈیٹا ڈال کر اس کی قدیم جغرافیائی پوزیشن اور اس کا سفر دیکھ سکیں۔ اس کے علاوہ سائنسی تحقیق کے لیے بڑے پیمانے پر ڈیٹا بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس تحقیق سے یہ سمجھنے میں مدد ملے گی کہ ماضی میں ماحولیاتی تبدیلیوں نے حیاتیاتی زندگی کو کیسے متاثر کیا، کون سے علاقے پہلے غیر رہائشی بنے اور کون سے محفوظ پناہ گاہ کے طور پر برقرار رہے۔
ماہرین کا مزید کہنا ہے کہ مستقبل میں اس نظام کو مزید قدیم ادوار تک بڑھایا جائے گا تاکہ زمین کی ابتدائی تاریخ اور زندگی کے آغاز کو بھی بہتر انداز میں سمجھا جاسکے۔




