پہلگام واقعہ؛ پاکستان نے بھارتی الزامات مسترد کردیے، پروپیگنڈا قرار
آپریشن بنیان المرصوص کے بعد ایسے الزامات بھارت کی پرانی روش کا تسلسل ہیں، دفتر خارجہ
اسلام آباد: پاکستان نے پہلگام واقعے سے متعلق بھارتی پروپیگنڈا مہم کو بے بنیاد قرار دے کر مسترد کردی۔
ترجمان دفتر خارجہ نے پہلگام واقعے سے متعلق بھارتی الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا اور کہا ہے کہ بھارت سفارتی کوششوں کے دوران بھی پروپیگنڈے کا سہارا لے رہا ہے۔
ترجمان کے مطابق بھارت اندرونی سیاسی مقاصد کے لیے جھوٹے بیانیے کو ہتھیار بنارہا ہے جو نہ صرف افسوس ناک ہے بلکہ خطے میں کشیدگی کو بڑھانے کا سبب بھی بن رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپریشن بنیان المرصوص کے بعد ایسے الزامات بھارت کی پرانی روش کا تسلسل ہیں اور اس سے حقائق تبدیل نہیں کیے جاسکتے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی پروپیگنڈا عالمی توجہ کو کشمیر میں حقِ خود ارادیت کی مسلسل خلاف ورزیوں سے نہیں ہٹاسکتا۔
مزید کہا گیا کہ بھارت کی فوجی جارحیت اور سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی خطے کے امن کے لیے خطرہ ہے جس پر عالمی برادری کو نوٹس لینا چاہیے۔
ترجمان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ بھارت کو ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرنے اور اشتعال انگیزی سے باز رکھنے کے لیے مؤثر کردار ادا کیا جائے۔




