پی ایس ایل 11، پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو ہرا کر فائنل میں جگہ بنا لی
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 221 رنز کا بڑا مجموعہ ترتیب دیا
پاکستان سپر لیگ کے 11 ویں ایڈیشن کے کوالیفائر میں پشاور زلمی نے ایک یکطرفہ مقابلے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کو 70 رنز سے شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کر لی۔
میچ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا گیا جہاں شائقین کو ہائی اسکورنگ مقابلہ دیکھنے کو ملا۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 221 رنز کا بڑا مجموعہ ترتیب دیا۔
کپتان بابر اعظم نے ذمہ دارانہ اور دلکش بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 103 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ ان کے علاوہ کوشل مینڈس نے 41 جبکہ محمد حارث نے 35 رنز بنا کر ٹیم کے اسکور کو مستحکم کیا۔
ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی بیٹنگ لائن ابتدا ہی سے دباؤ کا شکار رہی اور پوری ٹیم 151 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ سمیر منہاس 44 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، تاہم دیگر بلے باز بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے۔
زلمی کی جانب سے بولنگ میں ایرون ہارڈی نے 3 وکٹیں حاصل کر کے حریف بیٹنگ کو بکھیر دیا، جبکہ محمد باسط اور سفیان مقیم نے دو، دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔




