پی ایس ایل سیزن 11 کے فائنل کا گرینڈ شو جاری، قذافی اسٹیڈیم ہاؤس فل، ستاروں کی چمک اور فول پروف سکیورٹی
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران خود ٹیموں کی نقل و حرکت کی نگرانی کرتے ہوئے انہیں سخت حفاظتی حصار میں اسٹیڈیم لے کر پہنچے
پاکستان سپر لیگ (PSL 11) کی رنگارنگ اختتامی تقریب نے شائقین کرکٹ کو اپنے سحر میں جکڑ لیا، جہاں ظہیر عباس اور وسیم اکرم ٹرافی اٹھا کر میدان میں آئے تو اسٹیڈیم تالیوں سے گونج اٹھا۔
قذافی اسٹیڈیم میں شائقین کی بڑی تعداد موجود ہے اور اسٹیڈیم مکمل طور پر ہاؤس فل ہو چکا ہے۔ رنگ برنگی روشنیوں اور شاندار انتظامات کے ساتھ فضا جشن کا سماں پیش کر رہی ہے، جبکہ معروف گلوکار اپنی پرفارمنس سے تقریب میں شائقین کو محظوظ کر رہے ہیں۔
فائنل میچ کا ٹاس شام 7:30 بجے جبکہ میچ رات 8 بجے شروع ہوگا، جہاں پشاور زلمی اور حیدرآباد کنگز مین ٹائٹل کے لیے مدمقابل ہوں گے۔
دوسری جانب سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران خود ٹیموں کی نقل و حرکت کی نگرانی کرتے ہوئے انہیں سخت حفاظتی حصار میں اسٹیڈیم لے کر پہنچے۔
انہوں نے اسٹیڈیم کے داخلی راستوں پر شائقین کی چیکنگ کا جائزہ لیا اور ڈیوٹی پر موجود افسران و اہلکاروں سے ملاقات بھی کی۔ فیصل کامران کا کہنا ہے کہ لاہور پولیس کھلاڑیوں اور شائقین کی حفاظت کے لیے مکمل الرٹ ہے۔
سکیورٹی پلان کے تحت 7 ہزار سے زائد اہلکار تعینات ہیں، جبکہ اسٹیڈیم کے اطراف اور شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر بھی ہائی الرٹ نافذ ہے۔ پٹرولنگ ٹیمیں مسلسل گشت کر رہی ہیں تاکہ میچ کا پرامن انعقاد یقینی بنایا جا سکے۔




