4

کمبوڈیا میں گرفتار 54 پاکستانیوں کی جلد وطن واپسی متوقع، حکام کی آمادگی، دفتر خارجہ

کمبوڈیا میں گرفتار 54 پاکستانیوں کی جلد وطن واپسی متوقع، حکام کی آمادگی، دفتر خارجہ

پاکستانی شہری سیام ریپ صوبے میں ایک آن لائن فراڈ کمپاؤنڈ پر چھاپے کے دوران گرفتار کیے گئے تھے

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق کمبوڈیا میں زیر حراست پاکستانی شہریوں کے معاملے پر اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں کمبوڈین حکام نے 54 پاکستانیوں کو جلد وطن واپس بھیجنے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ کمبوڈیا میں پاکستان کا سفارت خانہ اس معاملے کو مسلسل مقامی حکام کے ساتھ اٹھاتا رہا ہے اور زیر حراست شہریوں کی رہائی اور واپسی کے لیے فعال سفارتی کوششیں جاری ہیں۔

بیان کے مطابق یہ پاکستانی شہری سیام ریپ صوبے میں ایک آن لائن فراڈ کمپاؤنڈ پر چھاپے کے دوران گرفتار کیے گئے تھے۔ تاہم اب خیرسگالی کے طور پر کمبوڈین حکومت نے انہیں آن لائن فراڈ کے انسداد کے قانون کے تحت باقاعدہ قانونی کارروائی کے بغیر واپس بھیجنے کا عندیہ دیا ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کی ہدایات کے مطابق بیرون ملک پاکستانیوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اسی سلسلے میں سفارت خانے کا عملہ زیر حراست افراد کی فلاح و بہبود یقینی بنانے کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔

کمبوڈین حکام کے مطابق نیا قانون 7 اپریل 2026 سے نافذ العمل ہے جس کے تحت آن لائن فراڈ میں ملوث افراد کو طویل قید اور بھاری جرمانوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ جیسے ہی پرواز کے انتظامات مکمل ہوں گے، تمام پاکستانی شہریوں کو وطن واپس روانہ کر دیا جائے گا، جبکہ اس پیش رفت کو دونوں ممالک کے درمیان مؤثر سفارتی تعاون کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں