1

100 سال تک زندہ رہنا ہے؟ حیران کن تحقیق میں ترکیب سامنے آگئی

100 سال تک زندہ رہنا ہے؟ حیران کن تحقیق میں ترکیب سامنے آگئی

مردوں کے حوالے سے اس تحقیق میں کوئی واضح فرق سامنے نہیں آیا۔

ایک نئی تحقیق میں یہ انکشاف سامنے آیا ہے کہ گوشت کھانے والی بعض خواتین میں 100 سال کی عمر تک پہنچنے کے امکانات نسبتاً زیادہ ہوسکتے ہیں تاہم یہ نتیجہ مخصوص حالات اور جسمانی کیفیت سے جڑا ہوا ہے۔

چین میں کی گئی اس تحقیق کے مطابق بڑی عمر کی خواتین میں وہ افراد جو گوشت استعمال کرتے تھے، ان میں لمبی عمر پانے کے امکانات ان خواتین کے مقابلے میں زیادہ دیکھے گئے جو مکمل طور پر سبزی خور تھیں۔ تاہم مردوں کے حوالے سے اس تحقیق میں کوئی واضح فرق سامنے نہیں آیا۔

ماہرین کے مطابق یہ فرق صرف ان خواتین میں زیادہ واضح تھا جو کم وزن کا شکار تھیں۔ تحقیق میں بتایا گیا کہ ایسی خواتین جو مناسب غذائیت اور کیلوریز حاصل نہیں کررہیں تھیں ان میں سبزی خور ہونے کی صورت میں طویل عمر کے امکانات کم دیکھے گئے۔

تحقیق میں یہ بھی سامنے آیا کہ وہ افراد جو سبزی خور ہونے کے باوجود مچھلی، انڈے یا دودھ جیسی غذائیں استعمال کرتے تھے, ان کی عمر کے امکانات گوشت کھانے والوں کے برابر تھے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ بڑھتی عمر میں صرف خوراک کا انتخاب نہیں بلکہ جسم میں مناسب وزن اور غذائی توازن بھی انتہائی اہم کردار ادا کرتا ہے کیونکہ کم وزن افراد میں کمزوری اور صحت کے مسائل زیادہ دیکھے گئے۔

تحقیق میں مزید بتایا گیا کہ بڑی عمر کے افراد میں جسمانی وزن اور غذائیت کا تعلق لمبی عمر سے جڑا ہوسکتا ہے اور بعض حالات میں زیادہ وزن بھی بہتر صحت کے نتائج دے سکتا ہے جسے ماہرین ’’متضاد صحتی رجحان‘‘ بھی کہتے ہیں۔

یہ تحقیق چین میں ہونے والے ایک بڑے سروے پر مبنی ہے جس میں ہزاروں بزرگ افراد کا تجزیہ کیا گیا۔ ماہرین نے واضح کیا کہ یہ نتائج صرف تعلق ظاہر کرتے ہیں اور حتمی وجہ نہیں بتاتے کیونکہ خوراک کے علاوہ بھی کئی عوامل زندگی کی مدت پر اثر انداز ہوتے ہیں۔

تحقیق میں یہ بھی کہا گیا کہ بڑھاپے میں جسم کو زیادہ پروٹین کی ضرورت ہوسکتی ہے تاکہ پٹھوں کی مضبوطی برقرار رہے۔ اسی وجہ سے متوازن خوراک کو زیادہ اہم قرار دیا گیا ہے جس میں پودوں اور حیوانی دونوں ذرائع شامل ہوں۔

ماہرین کہتے ہیں کہ صحت مند اور طویل عمر کے لیے کسی ایک مخصوص غذا پر انحصار کے بجائے متوازن، مختلف اور مناسب مقدار میں خوراک زیادہ فائدہ مند ثابت ہوسکتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں