سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے حج آپریشن شروع، وفاقی وزیر دفاع کی خصوصی شرکت
اس موقع پر عازمین حج کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے۔
سمبڑیال: سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے حج آپریشن کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا ہے۔
حج آپریشن کے سلسلے میں سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور عازمین حج کو الوداع کیا۔
تقریب میں صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت منشاء اللہ بٹ، ممبران صوبائی اسمبلی، چیئرمین سیال حسن علی بھٹی، ممبر بورڈ آف ڈائریکٹرز اور حج ڈائریکٹریٹ کے حکام بھی موجود تھے۔ اس موقع پر عازمین حج کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے۔
وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کا کہنا تھا کہ حج ہمارے دین کا اہم ترین جزو ہے اور اس کی ادائیگی ایک بڑی سعادت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ ایئرپورٹ ہر سال کی طرح عازمین حج کے لیے بہترین سفری سہولیات فراہم کرے گا۔
چیئرمین سیال حسن علی بھٹی نے کہا کہ سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ تمام عازمین حج کو بہترین سفری سہولیات فراہم کرے گا۔ مسافر ادارے کا اثاثہ ہیں اور ادارے کی جانب سے تمام مسافروں کے لیے بہترین اقدامات کیے جارہے ہیں۔




