1

پٹرول ختم ہونے کی افواہوں نے ملک بھر میں بھگدڑ مچا دی، پمپس پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں

پٹرول ختم ہونے کی افواہوں نے ملک بھر میں بھگدڑ مچا دی، پمپس پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں

تمام پٹرول پمپس پر ایندھن وافر مقدار میں موجود ہے اور سپلائی بلا تعطل جاری ہے، انتظامیہ

پٹرول کی قیمتوں میں ممکنہ بڑے اضافے اور پمپس بند ہونے کی افواہوں نے ملک بھر میں اچانک ہلچل مچا دی جس کے بعد کراچی، لاہور اور اسلام آباد سمیت کئی شہروں میں شہری بڑی تعداد میں پٹرول پمپس کا رخ کرنے لگے۔

کراچی میں صبح سے ہی مختلف پٹرول پمپس پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں دیکھی گئیں، جہاں شہری پیشگی ٹینک فل کروانے کیلئے پہنچ گئے۔ اسی طرح لاہور میں بھی رش بڑھنے سے کئی علاقوں میں ٹریفک کا دباؤ بڑھ گیا۔

دوسری جانب حکام اور متعلقہ اداروں نے ان خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔ آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل نے واضح کیا ہے کہ ملک میں پٹرول اور ڈیزل کے وافر ذخائر موجود ہیں، جن میں پٹرول کے 28 دن اور ڈیزل کے 34 دن کے ذخائر شامل ہیں۔

اسی طرح آل پاکستان پٹرول پمپ ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین نعمان علی بٹ نے بھی کہا ہے کہ یکم مئی سے 5 مئی تک پٹرول پمپس بند ہونے کی خبریں محض افواہیں ہیں اور اس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔

اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے بھی شہریوں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ تمام پٹرول پمپس پر ایندھن وافر مقدار میں موجود ہے اور سپلائی بلا تعطل جاری ہے۔

حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ سوشل میڈیا پر پھیلنے والی غیر مصدقہ خبروں پر کان نہ دھریں اور غیر ضروری رش سے گریز کریں، کیونکہ ملک میں کسی قسم کے پٹرول بحران کا کوئی خدشہ نہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں