1

پاکستان کسی بھی مس ایڈونچر کا بھرپور جواب دے گا، اسحاق ڈار کا دو ٹوک پیغام

پاکستان کسی بھی مس ایڈونچر کا بھرپور جواب دے گا، اسحاق ڈار کا دو ٹوک پیغام

اگر پاکستان کا پانی روکنے کی کوشش کی گئی تو اسے جنگ تصور کیا جائے گا، اسحاق ڈار

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان نے حالیہ کشیدگی کے دوران بھارتی طیاروں اور ڈرونز کو تباہ کرکے واضح کر دیا کہ وہ اپنی سرزمین کے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے ایئر چیف مارشل کی قیادت میں غیر معمولی کارکردگی دکھائی اور دشمن کی جارحیت کا مؤثر جواب دیا۔ ان کے مطابق بھارت نے بلا اشتعال پاکستان کے خلاف اقدامات کیے جبکہ پہلگام واقعے کا الزام بھی بغیر کسی ثبوت کے پاکستان پر عائد کیا گیا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں اپنی سرزمین کا کامیاب دفاع کیا، جبکہ پاک افواج نے جرات اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ دشمن کو بھرپور جواب دیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں جاری جدوجہد کو طاقت کے ذریعے دبا نہیں سکتا اور یہی مسئلہ جنوبی ایشیا میں کشیدگی کی بنیادی وجہ ہے۔ نائب وزیراعظم نے زور دیا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو حقِ خودارادیت دیا جانا چاہیے۔

انہوں نے سندھ طاس معاہدے سے متعلق بھارتی اقدامات پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر پاکستان کا پانی روکنے کی کوشش کی گئی تو اسے جنگ تصور کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ حالیہ دنوں میں دریاؤں خصوصاً چناب کے بہاؤ میں تبدیلی محسوس کی گئی ہے اور اس حوالے سے شفاف ڈیٹا فراہم کیا جانا ضروری ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اپنی زمین کے ایک ایک انچ کی حفاظت کرنا جانتا ہے اور کسی بھی مس ایڈونچر کا جواب پوری طاقت سے دے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بھارت “معرکۂ حق” میں پاکستان کے ردعمل سے سبق سیکھے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تنازعات کے حل کے لیے اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق پرامن راستہ اختیار کرنے کا حامی ہے اور عالمی امن کے لیے اپنی ذمہ داریاں بخوبی نبھا رہا ہے۔

نائب وزیراعظم نے بھارت پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے مسئلے کا بامعنی اور سنجیدہ حل تلاش کرے، کیونکہ اس خطے کے مستقبل کا فیصلہ کشمیری عوام نے خود کرنا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں