پی آئی اے کا قبل از حج آپریشن مکمل؛ رواں سال کتنی پروازیں روانہ ہوئیں؟
رواں سال 53 ہزار سے زائد عازمین حج کو حجازِ مقدس پہنچایا گیا، ترجمان پی آئی اے
کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کا قبل از حج فلائٹ آپریشن 21 مئی 2026 کو کامیابی کے ساتھ مکمل ہوگیا جس میں ہزاروں عازمین حج کو بروقت سعودی عرب پہنچایا گیا جب کہ آپریشن کے دوران 97 فیصد پروازیں شیڈول کے مطابق روانہ ہوئیں۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق رواں سال 210 پروازوں کے ذریعے 53 ہزار سے زائد عازمین حج کو حجازِ مقدس پہنچایا گیا جب کہ حج آپریشن کی بروقت روانگی مقررہ ہدف سے 7 فیصد زیادہ رہی۔
پی آئی اے کی جانب سے اسلام آباد، کراچی، لاہور، ملتان، فیصل آباد، سیالکوٹ اور کوئٹہ سے براہِ راست حج پروازیں آپریٹ کی گئیں جن کے ذریعے عازمین کو سعودی عرب روانہ کیا گیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ قبل از حج آپریشن کے دوران مجموعی طور پر 97 فیصد پروازیں بروقت روانہ ہوئیں جو گزشتہ برسوں کے مقابلے میں نمایاں بہتری ظاہر کرتی ہے۔
پی آئی اے نے بعد از حج آپریشن کے لیے بھی تمام ضروری انتظامات مکمل کرلیے ہیں جو 30 مئی 2026 کو شروع ہوگا اور 30 جون 2026 تک جاری رہے گا۔
ترجمان نے بتایا کہ ایئرلائن حج آپریشن کو مزید بہتر اور مؤثر بنانے کے لیے مسلسل اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ عازمین کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جاسکیں۔




