1

بیانیے کی جنگ میں پاکستان سرخرو رہا، عطا تارڑ

بیانیے کی جنگ میں پاکستان سرخرو رہا، عطا تارڑ

مقبوضہ کشمیر کا مسئلہ بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں بلکہ ایک عالمی تنازع ہے، وفاقی وزیر

اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ معرکۂ حق کی کامیابی کو ایک سال مکمل ہونا قومی عزم، اتحاد اور درست بیانیے کی فتح کی علامت ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ جدید دور میں جنگ کی نوعیت بدل چکی ہے اور اب صرف ہتھیار نہیں بلکہ بیانیہ بھی فیصلہ کن کردار ادا کرتا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ معرکۂ حق کے دوران پاکستان نے ہر محاذ پر کامیابی حاصل کی اور پوری قوم حکومت و ریاستی اداروں کے ساتھ کھڑی رہی۔

عطاتارڑ نے کہا کہ پاکستانی صحافیوں نے لائن آف کنٹرول کا دورہ کرکے بھارتی دعوؤں کو بے نقاب کیا جس سے دنیا کے سامنے حقائق واضح ہوئے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ بیانیے کی جنگ میں سچ اور حقائق ہی اصل طاقت ہوتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے بھارت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نئی دہلی فالس فلیگ آپریشنز کی طویل تاریخ رکھتا ہے اور اپنے داخلی مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان پر الزامات عائد کرتا رہا ہے۔ اُن کے بقول بھارت ریاستی دہشت گردی میں ملوث ہے جبکہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں صفِ اول کا کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے بے مثال قربانیاں دی ہیں اور یہ قربانیاں صرف پاکستان نہیں بلکہ عالمی امن کے لیے بھی ہیں۔

عطاتارڑ نے پہلگام واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ واقعے کے فوری بعد ایف آئی آر کا اندراج کئی سوالات کو جنم دیتا ہے جبکہ پاکستان نے شفاف اور غیر جانبدار تحقیقات کی مخلصانہ پیشکش بھی کی تاہم بھارت آج تک اس کا جواب نہیں دے سکا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کا مسئلہ بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں بلکہ ایک عالمی تنازع ہے اور دو قومی نظریہ آج بھی ایک حقیقت کے طور پر موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے جامع حکمت عملی، مکمل ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کے ذریعے دشمن کو ہر سطح پر مؤثر جواب دیا اور یہی وجہ ہے کہ بیانیے کی تشکیل میں سچ کی فتح ہوئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں