چینی وزیر خارجہ نے آبنائے ہرمز جلد کھولنے کا مطالبہ کر دیا
امریکا اور ایران کو اپنے اختلافات بات چیت اور سفارتی راستے سے حل کرنے چاہئیں، وانگ لی
چین کے وزیر خارجہ وانگ لی نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کو جلد از جلد کھولا جانا چاہیے اور خطے میں کشیدگی کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنا ناگزیر ہے۔
چینی وزیرخارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکا اور ایران کو اپنے اختلافات بات چیت اور سفارتی راستے سے حل کرنے چاہئیں تاکہ خطے میں استحکام برقرار رکھا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ چین اور امریکا کے درمیان تجارتی تعلقات پر مختلف ٹیمیں کام کر رہی ہیں جبکہ زرعی مصنوعات کی مارکیٹ تک رسائی سے متعلق تحفظات دور کرنے پر بھی اتفاق ہوا ہے۔
وانگ لی کے مطابق دونوں ممالک نے تجارت اور سرمایہ کاری کے لیے ایک مشترکہ بورڈ قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے، جو معاشی تعاون کو فروغ دے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹیرف میں کمی کے فریم ورک کے تحت تجارتی سرگرمیوں کو وسعت دینے پر بھی پیش رفت ہوئی ہے۔
یوکرین کے معاملے پر بات کرتے ہوئے چینی وزیرخارجہ نے کہا کہ یوکرین سے متعلق امور پر چین اور امریکا رابطہ برقرار رکھنے پر آمادہ ہیں تاکہ صورتحال کو مزید بگڑنے سے روکا جا سکے۔




