آسٹریلیا میں پاکستانی کیڈٹ کی شاندار کامیابی، پاک فوج کی تربیت کی عالمی سطح پر پذیرائی
اعداد و شمار کے مطابق 2009 سے اب تک 46 پاکستانی کیڈٹس اس ادارے سے تربیت مکمل کر چکے ہیں
آسٹریلیا کے رائل ملٹری کالج میں ایک پاکستانی کیڈٹ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی کیڈٹ سردار ارسام عباس کو مجموعی کارکردگی کی بنیاد پر اوورآل بیسٹ فارن ملٹری کیڈٹ قرار دیا گیا۔ انہیں یہ اعزاز 5 مئی 2026 کو آسٹریلیا میں منعقدہ پاسنگ آؤٹ پریڈ کی پروقار تقریب میں دیا گیا۔
تقریب میں سفارتی عملے کے ارکان اور آسٹریلیا میں پاکستان کے ہائی کمشنر عرفان شوکت نے خصوصی طور پر شرکت کی اور کیڈٹ کی کامیابی کو سراہا۔
سردار ارسام عباس یہ اعزاز حاصل کرنے والے 14ویں پاکستانی کیڈٹ بن گئے ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاک فوج کے افسران بین الاقوامی معیار کی تربیت میں بھی نمایاں کارکردگی دکھا رہے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق 2009 سے اب تک 46 پاکستانی کیڈٹس اس ادارے سے تربیت مکمل کر چکے ہیں جبکہ 2013 سے اب تک پاک فوج کے 7 افسران بطور فیکلٹی خدمات بھی انجام دے چکے ہیں۔
یاد رہے کہ 2020 میں شمالی وزیرستان میں شہید ہونے والے لیفٹیننٹ ناصر حسین خالد (تمغۂ بسالت) نے بھی اسی ادارے میں “بیسٹ کیڈٹ” کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
ماہرین کے مطابق بیرون ملک پاکستانی کیڈٹس کی یہ کامیابیاں پاک فوج کی اعلیٰ تربیت، پیشہ ورانہ مہارت اور مضبوط عزم کی واضح عکاس ہیں، جو عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت تشخص کو مزید مضبوط کر رہی ہیں۔




