6

امریکا نے ایرانی جہاز پر قبضے کی ویڈیو جاری کردی

امریکا نے ایرانی جہاز پر قبضے کی ویڈیو جاری کردی

ایران نے اس اقدام کو جنگ بندی کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے جواب دینے کا اعلان کیا ہے۔

واشنگٹن: امریکی سینٹرل کمانڈ نے ایران کے تجارتی جہاز پر قبضے کی ویڈیو جاری کردی ہے۔

امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے دو ویڈیوز جاری کی ہیں۔ پہلی ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ ایرانی جہاز کو فائرنگ سے پہلے وارننگ دی جارہی تھی۔ دوسری ویڈیو میں امریکی میرینز کو اپنے جہاز سے ایرانی جہاز پر سوار ہوتے دکھایا گیا ہے۔

امریکی سینٹرل کمانڈ نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر ویڈیو جاری کرتے ہوئے بتایا کہ امریکی میرینز ایمفیبیئس حملہ آور جہاز یو ایس ایس ٹریپولی سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے روانہ ہوئے اور بحیرہ عرب کے اوپر سے گزر کر ایم / وی توسکا کو ضبط کرنے کے لیے اس پر سوار ہوئے۔

 

امریکی سینٹرل کمانڈ نے مزید بتایا کہ 19 اپریل کو میرینز نے اس ایرانی جہاز پر رسیوں کے ذریعے اتر کر اسے اپنے قبضے میں لیا ہے۔ اس سے قبل گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائر یو ایس ایس اسپرونس نے تجارتی جہاز کے چھ گھنٹے کی بار بار کی جانے والی وارننگز کو نظر انداز کرنے کے بعد اس کے انجن کو ناکارہ بنادیا تھا۔

اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بیان میں کہا تھا کہ امریکی افواج نے اپنی بحری ناکہ بندی کے دوران خلیج میں ایرانی پرچم والے ایک کارگو جہاز کو روک کر ضبط کرلیا ہے۔

صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’’ٹروتھ سوشل‘‘ پر لکھا تھا کہ توسکا نامی یہ جہاز رکنے کی وارننگ کو نظر انداز کرنے کے بعد امریکی بحریہ نے اسے ضبط کرلیا۔

دوسری جانب ایران نے اس اقدام کو جنگ بندی کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ’’مسلح قزاقی‘‘ کے اس عمل کا جلد جواب دے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں