2

ورلڈ بینک کے نمائندوں کی مصطفیٰ کمال سے ملاقات، ویکسین اور ٹیلی میڈیسن میں تعاون بڑھانے کا اعلان

ورلڈ بینک کے نمائندوں کی مصطفیٰ کمال سے ملاقات، ویکسین اور ٹیلی میڈیسن میں تعاون بڑھانے کا اعلان

پرائمری ہیلتھ کیئر سسٹم کو مزید مؤثر بنانے اور ٹیلی میڈیسن کے فروغ کے لیے بھی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا

جنیوا میں وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال اور ورلڈ بینک کے نمائندوں کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس میں پاکستان کے صحت کے شعبے میں جاری اصلاحات، مستقبل کے منصوبوں اور باہمی تعاون پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ترجمان وزارت صحت کے مطابق وفاقی وزیر نے ملاقات کے دوران حکومت کی جانب سے ہیلتھ سیکٹر میں کیے جانے والے اقدامات، اصلاحاتی پروگرامز اور عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کے وژن سے آگاہ کیا۔

ورلڈ بینک کے نمائندوں نے پاکستان کے نیشنل ہیلتھ سپورٹ پروگرام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارہ پاکستان کی صحت سے متعلق پالیسیوں اور مستقبل کے وژن کے ساتھ مکمل ہم آہنگ ہے۔

ملاقات میں پاکستان میں ویکسین کی مقامی سطح پر تیاری کے عمل کو بھی اہم پیشرفت قرار دیا گیا۔ ورلڈ بینک نے اس شعبے میں تکنیکی اور مالی تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ویکسین پروڈکشن بڑھانے کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔

اس کے علاوہ پرائمری ہیلتھ کیئر سسٹم کو مزید مؤثر بنانے اور ٹیلی میڈیسن کے فروغ کے لیے بھی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال نے صحت کے شعبے میں ورلڈ بینک کے مسلسل تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت عالمی اداروں کے اشتراک سے عوام کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں