پاکستان سپر لیگ سیزن 11 کے فائنل میں حیدرآباد کنگز کے 129 رنز کے ہدف کو پشاور زلمی نے 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
پشاور زلمی نے مطلوبہ ہدف 15.2 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر کے ٹائٹل اپنے نام کیا۔
پشاور زلمی کی جانب سے آرون ہارڈی نے ناقابل شکست 56 رنز کی فتح گر اننگ کھیلی، جبکہ عبدالصمد نے 48 رنز بنائے۔
کنگزمین کی جانب سے محمد علی نے 3 جبکہ عاکف جاوید اور حنین شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے فائنل میں پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر حیدرآباد کنگز مین کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، کنگزمین کی پوری ٹیم 18 اوورز میں 129 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
حیدرآباد کنگزمین کے صائم ایوب نمایاں بیٹسمین رہے جنہوں نے 54 رنز بنائے، ان کے علاوہ کوئی بھی بیٹر خاطرخواہ پرفارمنس دینے میں ناکام رہا۔
کپتان مارنس لیبوشین 20، معاذ صداقت 11، اور حسان خان نے 12 رنز بنائے، جبکہ گلین میکسویل بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، حیدرآباد کنگزمین کے 7 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔
پشاور زلمی کی جانب سے آرون ہارڈی نے 4 وکٹیں حاصل کیں ، جبکہ ناہید رانا 2 اور محمد باسط اور سفیان مقیم نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ شائقین کی بڑی تعداد میں موجودگی ہمیشہ حوصلہ بڑھاتی ہے اور لاہور میں کھیلنا ان کے لیے خاص تجربہ ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کی پچ پر ہلکی گھاس موجود ہے، اس لیے ابتدا میں کنڈیشنز کو جلد سمجھنا ٹیم کے لیے انتہائی اہم ہوگا۔
انہوں نے ٹیم میں ایک تبدیلی کا بھی اعلان کیا، جس کے تحت خرم شہزاد کی جگہ ناہید رانا کو شامل کیا گیا ہے تاکہ باؤلنگ لائن کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔
دوسری جانب حیدرآباد کنگز مین کے کپتان مارنس لبوشین نے کہا کہ ان کی ٹیم مکمل طور پر تیار ہے اور اسلام آباد کے خلاف سنسنی خیز فتح نے کھلاڑیوں کا اعتماد بڑھا دیا ہے۔
لبوشین کا کہنا تھا کہ پچ بظاہر بیٹنگ کے لیے سازگار دکھائی دے رہی ہے، تاہم ٹیم ہر چیلنج کے لیے تیار ہے اور فائنل میں بہترین کھیل پیش کرنے کی کوشش کرے گی۔
کرکٹ شائقین اب بے صبری سے اس بڑے مقابلے کا انتظار کر رہے ہیں، جہاں ٹرافی کے ساتھ اعزاز کا فیصلہ بھی چند گھنٹوں میں ہو جائے گا۔




