1

ڈبلیو ایچ او کا ہنٹا وائرس سے متعلق تشویشناک انکشاف

ڈبلیو ایچ او کا ہنٹا وائرس سے متعلق تشویشناک انکشاف

بحری جہاز پر خطرناک وائرس ایک سے دوسرے میں منتقل ہونے کا امکان ہے، عالمی ادارہ صحت

عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ سیاحتی بحری جہاز پر خطرناک وائرس قریبی افراد میں ایک سے دوسرے میں منتقل ہونے کا امکان ظاہر ہوا ہے جس کے باعث 3 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق یہ واقعہ نیدرلینڈز کے ایک سیاحتی بحری جہاز پر پیش آیا جس کے نتیجے میں اب تک تین مسافر جان کی بازی ہار چکے ہیں جب کہ متعدد افراد میں بیماری کی علامات ظاہر ہوئی ہیں۔

ادارے نے بتایا کہ یہ وائرس عموماً چوہوں جیسے جانوروں کے ذریعے پھیلتا ہے تاہم اس معاملے میں قریبی رابطے رکھنے والے افراد کے درمیان اس کے منتقل ہونے کا شبہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

ایک ماہ قبل جنوبی امریکا سے روانہ ہونے والا بحری جہاز اس وقت افریقا کے مغربی ساحل کے قریب لنگر انداز ہے۔ جہاز پر موجود 149 افراد کو سخت احتیاطی تدابیر کے تحت رکھا گیا ہے جن کا تعلق 23 مختلف ممالک سے بتایا جارہا ہے۔

حکام کے مطابق اب تک وائرس کے 7 کیسز سامنے آئے ہیں جن میں 2 کی تصدیق ہوچکی ہے جب کہ دیگر مشتبہ ہیں۔ متاثرہ افراد میں ایک خاتون اور ایک 69 سالہ برطانوی شہری شامل ہیں جنہیں علاج کے لیے منتقل کردیا گیا ہے۔

ریسکیو اور طبی ٹیمیں جہاز پر پہنچ چکی ہیں اور دیگر مسافروں اور عملے کے ٹیسٹ کیے جارہے ہیں۔ حفاظتی اقدامات کے طور پر جہاز کو جراثیم سے پاک کیا جارہا ہے جب کہ مریضوں کی دیکھ بھال کرنے والے افراد مکمل حفاظتی لباس استعمال کررہے ہیں۔

عالمی ادارہ صحت کے ماہرین کا کہنا ہے کہ امکان ہے وائرس کی مختلف طریقوں سے منتقلی ہورہی ہو، خاص طور پر ان مقامات کے باعث جہاں جہاز نے سفر کے دوران قیام کیا اور جہاں چوہوں کی موجودگی ممکن ہے۔

دوسری جانب ہسپانوی حکام نے عندیہ دیا ہے کہ جہاز کو آئندہ لنگر انداز ہونے کی اجازت صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد دی جائے گی جب کہ مسافروں کو فی الحال جہاز سے اترنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

ایک مسافر کے مطابق جہاز پر غیر یقینی صورتحال پائی جاتی ہے تاہم تمام افراد اپنی حفاظت اور جلد واپسی کے منتظر ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں