کراچی پورٹ پر تجارتی سرگرمیاں عروج پر، 24 گھنٹوں میں ریکارڈ کارگو ہینڈلنگ
مائع کارگو کی ہینڈلنگ بھی نمایاں رہی، جو 10 ہزار 352 ٹن تک پہنچ گئی
وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے کراچی پورٹ کی مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بندرگاہ پر تجارتی سرگرمیاں تیزی سے بحال ہو رہی ہیں، جو ملکی معیشت کے لیے مثبت اشارہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی پورٹ ٹرسٹ پر جہازوں کی آمد و رفت کا سلسلہ جاری ہے، جہاں 19 جہازوں کی آمد اور ایک جہاز کی روانگی شیڈول کی گئی ہے، جبکہ اس وقت 14 جہاز لنگر انداز اور 7 روانگی کے مراحل میں ہیں۔
وفاقی وزیر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مجموعی طور پر 74 ہزار 603 میٹرک ٹن کارگو ہینڈل کی گئی، جس میں کنٹینرائزڈ کارگو سرِفہرست رہا اور اس کی مقدار 45 ہزار 171 ٹن ریکارڈ کی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ اس دوران درآمدات کا حجم 19 ہزار 303 ٹن جبکہ برآمدات 25 ہزار 868 ٹن رہیں۔ اس کے علاوہ بلک کارگو 11 ہزار 944 ٹن رہا، جس میں کلنکر کی برآمدات 6 ہزار 114 ٹن شامل ہیں۔
مائع کارگو کی ہینڈلنگ بھی نمایاں رہی، جو 10 ہزار 352 ٹن تک پہنچ گئی۔
جنید انوار چوہدری کا کہنا تھا کہ جہازوں کی مسلسل آمد و رفت اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کی سمندری تجارت میں بہتری آ رہی ہے اور لاجسٹکس کا شعبہ مزید مستحکم ہو رہا ہے۔




