حکومت کا عالمی مارکیٹ میں 25 کروڑ ڈالر مالیت کا مزید یورو بانڈز جاری کرنے کا فیصلہ
عالمی مارکیٹ میں ابھی تک حکومت 75 کروڑ ڈالر مالیت کے برابر بانڈز فلوٹ کر چکی ہے
حکومت نے عالمی مارکیٹ میں 25 کروڑ ڈالر مالیت کا مزید یورو بانڈز جاری کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق یورو بانڈز کا مجموعی طور پر اجرا 1 ارب ڈالرتک لے جانے پر غور کیا جارہا ہے جبکہ ضرورت کے مطابق رواں مالی سال کے آئندہ دو ماہ کے دوران ہی مزید بانڈز کا اجرا ہو گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں ابھی تک حکومت 75 کروڑ ڈالر مالیت کے برابر بانڈز فلوٹ کر چکی ہے فنانسنگ ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے مزید یورو بانڈز فلوٹ کرنے کا فیصلہ کیا جائے گامزید یورو بانڈز جاری کرنے پر شرح منافع 7 فیصد سے کم پر متعین ہو گا۔
وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ درمیانی مدت نوٹ پروگرام کے تحت تین سال کی مدت کے لیے یورو بانڈز جاری کیے جا رہے ہیں۔
وزارت خزانہ حکام کے مطابق یورو بانڈز کا اجرا پاکستان کی معیشت پر بحال ہوتے اعتماد کا مظہر ہے بانڈز کا اجرا پاکستان کی عالمی بانڈ مارکیٹس میں موجودگی کو مضبوط بنائے گا۔




