لکی مروت میں بم دھماکا؛ 7 افراد جاں بحق، متعدد زخمی
سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے
خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت کے سرائے نورنگ بازار میں بیچ سڑک پر دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکاروں اور 5 سویلین افراد سمیت 7 افراد جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق خوارج نے لکی مروت میں سرائے نورنگ بازار کو دھماکے سے نشانہ بنایا تاہم دھماکے کے لیے موٹر سائیکل پر دھماکا خیز مواد کا استعمال کیا گیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے میں 2 ٹریفک پولیس اہلکاروں اور 5 عام راہگیروں سمیت 7 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہونے کی اطلاع ہیں۔
ریسکیو ذرائع نے بتایا ہے کہ زخمیوں کو سرائے نورنگ اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ اسپتال لائے گئے زخمیوں میں خاتون اور بچے بھی شامل ہیں۔
سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے تاہم مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔
واضح رہے کہ خوارج نے اپنے ہندوستانی آقاؤں کے اشاروں پر غضب للحق کے کامیاب آپریشنز کے نیتجے میں حواس باختہ ہو کر سول اور سوفٹ ٹارگٹس کو نشانہ بنانا شروع کردیا ہے۔




