معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ، پاکستان کی کامیابیوں کا جشن ہے، عطاء تارڑ
قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملک کے دفاع و سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا
معرکۂ حق میں کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر وزارتِ اطلاعات و قومی ورثہ کے زیر اہتمام ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ملکی کامیابیوں اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے کہا کہ معرکۂ حق میں کامیابی نے پاکستان کا وقار عالمی سطح پر بلند کیا اور یہ قوم کے اتحاد اور مسلح افواج کی قربانیوں کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج ہم بنیان مرصوص کی عظیم فتح کا جشن منا رہے ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان ایک مضبوط اور خودمختار ریاست ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کی سلامتی ہر چیز پر مقدم ہے اور اس کے لیے پوری قوم کو متحد رہنا ہوگا۔
عطاء تارڑ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ قوم نے بے شمار جانوں کا نذرانہ پیش کیا، جبکہ سیکیورٹی فورسز نے بہادری کی نئی مثالیں قائم کیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان کو نہ صرف جنگی میدان میں بلکہ سفارتی محاذ پر بھی اہم کامیابیاں حاصل ہوئیں، اور ملکی فضائیہ نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے دشمن کو مؤثر جواب دیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملک کے دفاع و سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔




