پی ایس ایل 11؛ حیدرآباد کنگز مین نے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا
دوسرے ایلی منیٹر میں حیدر آباد کنگز مین نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 2 رنز سے شکست دے دی۔
لاہور: پی ایس ایل 11 کے دوسرے ایلی منیٹر میں حیدر آباد کنگز مین نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
لاہور میں کھیلے گئے اس اہم میچ میں حیدرآباد کنگز مین نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز اسکور کیے۔ ٹیم کی جانب سے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا گیا۔
عثمان خان نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے صرف 30 گیندوں پر 61 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ اس کے علاوہ کوشل پریرا نے 37، صائم ایوب نے 38 اور مارنس لبوشین نے 39 رنز بناکر ٹیم کے مجموعے کو مضبوط بنایا۔
دوسری جانب کچھ کھلاڑی زیادہ متاثر نہ کرسکے جن میں گلین میکسویل اور معاذ صداقت بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے عماد وسیم، کرس گرین، رچرڈ گلیسن اور فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 7 وکٹوں کے نقصان پر 184 رنز ہی بناسکی۔ میچ کا فیصلہ آخری اوور میں ہوا جہاں حنین شاہ نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے صرف 6 رنز کا دفاع کیا۔
WHAT A BREATHTAKING GAME!
Hyderabad Kingsmen’s fairytale journey continues in HBL PSL 11 as they beat Islamabad United by a mere two runs.#HBLPSL11 | #NewEra | #IUvHK pic.twitter.com/D5NV0FMt5d
— PakistanSuperLeague (@thePSLt20) May 1, 2026
حنین شاہ اور محمد علی نے 2، 2 وکٹیں حاصل کرکے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ اسلام آباد کی جانب سے چیپ مین نے 43، حیدر علی نے 31 اور کونوے نے 30 رنز بنائے تاہم یہ اننگز ٹیم کو فتح نہ دلا سکیں۔
اس جیت کے ساتھ حیدرآباد کنگز مین نے پاکستان سپر لیگ کے فائنل میں جگہ بنالی ہے جہاں ان کا مقابلہ پشاور زلمی سے ہوگا جو 3 مئی بروز اتوار کو کھیلا جائے گا۔




