فتنہ الخوارج کی شہری آبادی پر بلا اشتعال جارحیت جاری؛ کرکٹ گراؤنڈ پر حملہ، 3 افراد زخمی
زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
باجوڑ: خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ میں شہری آبادی کو نشانہ بنانے کے واقعات کا سلسلہ جاری ہے، جہاں ماموند کے علاقے میں کرکٹ گراؤنڈ پر حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہوگئے۔
مقامی ذرائع کے مطابق حملہ تحصیل شاہی تنگی کے ایک کرکٹ گراؤنڈ میں اس وقت کیا گیا جب وہاں کھیل جاری تھا۔ حملے میں کواڈ کاپٹر استعمال کیا گیا جس کے ذریعے شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔
زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
ڈپٹی کمشنر باجوڑ کی پریس ریلیز کے مطابق مارچ اور اپریل 2026 کے دوران افغانستان کی جانب سے باجوڑ کے سرحدی علاقوں، خصوصاً ماموند اور سلارزئی میں مارٹر گولے بھی فائر کیے گئے۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ان حملوں کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق ہوئے جن میں 3 خواتین اور 6 بچے شامل ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ نہتے شہریوں کو نشانہ بنانا اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ حملہ آور سیکیورٹی فورسز کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔ عوام کو نشانہ بنانے سے مقامی آبادی میں شدید غم و غصہ پایا جارہا ہے۔
ماہرین کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جانب سے ایسے حملوں کا بھرپور جواب دیا جا رہا ہے اور کارروائیاں صرف حملہ آوروں کی پوزیشنز اور معاون ڈھانچے تک محدود رکھی جارہی ہیں۔




