پاکستان اور سری لنکا افواج کی مشترکہ انسدادِ دہشتگردی مشق “شیک ہینڈز-II” مکمل
جنرل آفیسر کمانڈنگ اسپیشل سروسز گروپ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کی افواج کے درمیان انسدادِ دہشتگردی کے شعبے میں دو ہفتوں پر مشتمل مشترکہ فوجی مشق “شیک ہینڈز-II” کامیابی سے مکمل کر لی گئی۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ کے مطابق مشق کا آغاز 27 اپریل 2026 کو ہوا تھا، جبکہ اختتامی تقریب آج تربیلا میں منعقد ہوئی۔
مشق میں پاک فوج کے اسپیشل سروسز گروپ (ایس ایس جی) اور سری لنکن اسپیشل فورسز کے دستوں نے حصہ لیا جہاں انسدادِ دہشتگردی آپریشنز سے متعلق جدید حکمت عملی، طریقہ کار اور جنگی مہارتوں پر مشترکہ تربیت دی گئی۔
اختتامی تقریب میں جنرل آفیسر کمانڈنگ اسپیشل سروسز گروپ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی جبکہ سری لنکا سے میجر جنرل اجیتھ ابے وردھنا بھی تقریب میں موجود تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں ممالک کے فوجی دستوں نے مشق کے دوران پیشہ ورانہ مہارت، باہمی ہم آہنگی اور اعلیٰ عسکری صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا۔
فوجی مشق کا مقصد انسدادِ دہشتگردی کارروائیوں میں مشترکہ تربیت کے ذریعے آپریشنل صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانا اور پاکستان و سری لنکا کے درمیان تاریخی دفاعی تعلقات کو مضبوط بنانا تھا۔




