1

صبح کا قیلولہ جان لیوا ہوسکتا ہے؟ ماہرین کا اہم انکشاف

ایک نئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ بڑی عمر کے افراد میں دن کے وقت زیادہ سونے کی عادت صحت کے لیے خطرے کی علامت ہوسکتی ہے۔

ماہرین کے مطابق خاص طور پر صبح کے وقت بار بار سونا بیماریوں کی نشاندہی کرسکتا ہے۔ تحقیق میں بتایا گیا کہ اگرچہ قیلولہ توانائی بحال کرنے، یادداشت بہتر بنانے اور دماغی کارکردگی بڑھانے میں مدد دیتا ہے لیکن اس کی زیادتی نقصان دہ ہوسکتی ہے۔

امریکی ماہرین نے اپنی تحقیق میں پایا کہ جو بزرگ افراد دن میں زیادہ دیر تک سوتے ہیں یا بار بار قیلولہ کرتے ہیں تو ان میں اموات کا خطرہ نسبتاً زیادہ ہوتا ہے۔

تحقیق کے مطابق روزانہ ایک گھنٹہ اضافی سونا اموات کے خطرے میں تقریباً 13 فیصد اضافہ کرسکتا ہے جب کہ ہر اضافی قیلولہ یہ خطرہ مزید بڑھا دیتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ صبح کے وقت سونے والے افراد میں یہ خطرہ دوپہر کے وقت سونے والوں کے مقابلے میں زیادہ دیکھا گیا۔

تاہم محققین نے واضح کیا کہ اس کا مطلب یہ نہیں کہ قیلولہ خود بیماری یا موت کی وجہ بنتا ہے بلکہ یہ جسم میں موجود کسی پوشیدہ مسئلے کی علامت ہوسکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق زیادہ سونا دل کے امراض، دماغی کمزوری، نیند کی خرابی یا دیگر دائمی بیماریوں کی نشاندہی کرسکتا ہے۔

خیال رہے کہ اس تحقیق کے لیے ہزاروں افراد کے طرزِ زندگی کا طویل عرصے تک جائزہ لیا گیا جس میں ان کی روزمرہ سرگرمیوں اور آرام کے اوقات کو خاص آلات کے ذریعے ریکارڈ کیا گیا۔

نتائج سے ظاہر ہوا کہ نیند کے اوقات اور انداز میں تبدیلی صحت کی مجموعی صورتحال کے بارے میں اہم اشارے دے سکتی ہے۔

ماہرین کا مزید کہنا ہے کہ قیلولہ مکمل طور پر نقصان دہ نہیں بلکہ معتدل مقدار میں فائدہ مند بھی ہوسکتا ہے تاہم اس کی زیادتی کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔

تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ اگر کسی شخص میں اچانک زیادہ سونے کی عادت پیدا ہوجائے تو اسے سنجیدگی سے لینا چاہیے اور طبی مشورہ حاصل کرنا چاہیے۔

ماہرین یہ بھی کہتے ہیں کہ مستقبل میں ایسے آلات استعمال کیے جاسکتے ہیں جو نیند کے انداز کو دیکھ کر بیماریوں کی بروقت نشاندہی میں مدد دیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں