11

واٹس ایپ صارفین ہوشیار! ’’لاک ڈاؤن نوٹس‘‘ کھولنا آپ کے لیے خطرہ بن سکتا ہے

واٹس ایپ صارفین ہوشیار! ’’لاک ڈاؤن نوٹس‘‘ کھولنا آپ کے لیے خطرہ بن سکتا ہے

فائل کے میٹا ڈیٹا کے ذریعے ہیکرز صارف کا آئی پی ایڈریس اور لوکیشن بھی ٹریک کر سکتے ہیں

واٹس ایپ صارفین کے لیے ایک نئی سائبر وارننگ جاری کی گئی ہے جس میں ماہرین نے ’’لاک ڈاؤن نوٹس‘‘ کے نام سے موصول ہونے والی مشکوک فائلز سے خبردار رہنے کا مشورہ دیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق ایران جنگ کے تناظر میں دنیا بھر میں توانائی بحران اور ممکنہ اسمارٹ لاک ڈاؤن جیسے اقدامات پر غور کیا جا رہا ہے اور اسی صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سائبر جرائم پیشہ عناصر سرگرم ہوگئے ہیں۔

بھارتی شہر حیدرآباد میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز، خصوصاً واٹس ایپ پر وار ”لاک ڈاؤن نوٹس“کے نام سے ایک خطرناک فائل تیزی سے پھیل رہی ہے۔ بظاہر یہ ایک عام دستاویز لگتی ہے مگر ماہرین کے مطابق یہ دراصل ایک منظم سائبر حملے کا حصہ ہے۔

سائبر سیکیورٹی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ایک سوشل انجینئرنگ حربہ ہے جس کے ذریعے صارفین کو دھوکا دے کر ان کے موبائل فون اور ذاتی معلومات تک رسائی حاصل کی جاتی ہے۔ اس پی ڈی ایف فائل میں خفیہ جاوا اسکرپٹ کوڈ شامل ہو سکتا ہے جو فائل کھولتے ہی ڈیوائس کی کمزوریوں سے فائدہ اٹھا کر اسے ہیک کرسکتا ہے۔

مزید برآں فائل کے میٹا ڈیٹا کے ذریعے ہیکرز صارف کا آئی پی ایڈریس اور لوکیشن بھی ٹریک کر سکتے ہیں، بعض صورتوں میں اس کے ساتھ ایک اے پی کے فائل بھی بھیجی جاتی ہے جو انسٹال ہونے کے بعد ہیکرز کو فون تک مکمل رسائی دے دیتی ہے۔

ماہرین کے مطابق اس طرح کے میلویئر کے ذریعے نہ صرف کیمرہ اور مائیک خفیہ طور پر آن کیے جا سکتے ہیں بلکہ بینک کے او ٹی پیز، پاس ورڈز اور پن کوڈز بھی چوری کیے جا سکتے ہیں جس سے مالی نقصان کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی نامعلوم نمبر سے موصول ہونے والی پی ڈی ایف یا اے پی کے فائل کو ہرگز نہ کھولیں اور نہ ہی ڈاؤن لوڈ کریں۔ موبائل سیٹنگز میں جا کر ”انسٹال ان نون ایپس“ کا آپشن بند رکھیں اور کسی بھی مشتبہ فائل کو فوری طور پر ڈیلیٹ کر دیں، ساتھ ہی سیکیورٹی ایپ کے ذریعے ڈیوائس کو اسکین کرنا بھی ضروری قرار دیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں